حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش کے زیر اہتمام اردو ادیبوں ، شعراء ، نقاد و محققین کی مطبوعات پر انعامات کی اسکیم ’ مطبوعات پر انعامات ‘ برائے سال 2012 اور 2013 کے سلسلہ میں مورخہ 22 جنوری 2014 کو ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس کے ذریعہ اردو مصنفین سے کتابیں جمع کرنے کی خواہش کی گئی تھی ۔ اس ضمن میں اردو اکیڈیمی کو شاعری ، تنقید و تحقیق ، فکشن ، طنز و مزاح ، بچوں کا ادب اور متفرق زمروں میں کتابیں وصول ہوئی تھیں جن میں سے مختلف زمروں میں انعام اول ، انعام دوم و انعام سوم کے لیے کتابوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت مختلف زمروں میں وصول شدہ کتابوں کی تنقیح ، جانچ اور انتخاب کے لیے ماہر اردو ، ادیبوں ، شعراء ، اساتذہ و اسکالرس پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ کمیٹی نے وصول شدہ کتابوں کی جانچ پڑتال کے بعد منتخب کتابوں کو انعام کا مستحق قرار دیا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری نے بتایا کہ مطبوعات پر انعامات کی اسکیم کے تحت انعام اول 8 ہزار روپئے انعام دوم 6 ہزار روپئے اور انعام سوم 5 ہزار روپئے رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انعام یافتگان کو بذریعہ پوسٹ اطلاع دی جارہی ہے جس میں ان سے خواہش کی گئی ہے کہ اپنے انعامات و توصیف نامے صدر دفتر اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش چوتھی منزل ، حج ہاوز نامپلی حیدرآباد سے حاصل کرلیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر / سکریٹری نے انعام یافتگان کی شناخت کے لیے انہیں روانہ کردہ لیٹر اپنے ساتھ رکھنے کی گذارش کی ہے ۔۔