مسلم ۔ مخالف خاتون کیتھرین گورکا ہوم لینڈ سیکوریٹی ٹرانزیشن مہم کیلئے نامزد

واشنگٹن ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک متنازعہ قومی سلامتی کی خاتون تجزیہ نگار جو مسلمانوں کے ذریعہ امریکہ کو لاحق خطرہ کے موضوع پر مباحثہ کی ماہر مانی جاتی ہیں، نے آج شکایت کی کہ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی ان کی (کیتھرین گورکا) رائے کے مطابق اپنے ایجنٹوں کو غلط طریقہ پر تربیت دے رہا ہیکہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے۔ لہٰذا اب گورکا کو ایک ایسا موقع مل رہا ہے جہاں ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے مذکورہ بالا ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات متعارف کئے جائیں گے۔ منگل کو ٹرمپ نے ڈی ایچ ایس کی ’’لینڈنگ ٹیم‘‘ کا حصہ بننے کیتھرین گورکا کو منتخب کرلیا ہے جو اوباما کے ڈی ایچ ایس عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے نئی قیادت کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔ کونسل آن گوبل سیکوریٹی نامی ایک تھنک ٹینک کی گورکا صدر ہیں اور مسلم مخالف مہم چلانے والوں میں وہ بیحد مقبول ہیں۔