مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے دو روزہ قومی سیمینارکا انعقاد

علی گڑھ 3نومبر(سیاست ڈاٹ کام) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مغربی ایشیا و شمال افریقی مطالعات شعبہ کی جانب سے دو روزہ قومی سیمینار منعقد کیا گیا جس کا موضوع تھا ’’نئے عالمی نظام میں مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کی ابھرتی ہوئی شکل‘‘۔سیمینار کی افتتاحی تقریب میں مغربی ایشیا مطالعات کے مشہور ماہراور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے پروفیسر اے کے پاشا مہمان اعزازی کے طور پر شریک ہوئے ۔ شعبہ کے سربراہ پروفیسر فضل محمود نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان اور مغربی ایشیا کے درمیان گہرے رشتے ہیں۔ فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر شمیر حسن نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے فلسطینیوں اور مغربی ایشیا کی دیگر مظلوم اقلیتوں کی بدحالی کا ذکر کیا۔ سیمینار انچارج پروفیسر غلام مرسلین نے کہاکہ ناوابستہ ممالک کی تحریک میں ہندوستان اور مصر نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ سیمینار کے کنوینر پروفیسرجاوید اقبال نے بہارِ عرب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے خطہ میں اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریب میں شکریہ کی قرارداد پروفیسر ناظم علی نے پیش کی۔