بھارتیہ یووا جنتا مورچہ کے الزامات بے بنیاد، پولیس ذرائع کا بیان
علیگڑھ (یوپی) ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج کہا کہ تاحال انہیں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف غداری کے الزام میں مقدمہ کیلئے ضروری ثبوت دستیاب نہیں ہوا۔ ان طلبہ پر مقدمہ دائر ہونے کے بعد شدید احتجاج یونیورسٹی کے احاطہ میں جاریہ ہفتہ کے اوائل سے شروع ہوگیا تھا۔ یونیورسٹی کے عہدیداروں نے آج طلبہ کو چہارشنبہ کی رات دیر گئے احتجاج سے تعلق رکھنے کے الزام میں اور ایک اے بی وی پی کارکن کی موٹر سیکل نذرآتش کرنے کے الزام میں معطل کردیا تھا۔ پولیس نے طلبہ کے خلاف جی جے وائی ایم کے کارکن مکیش لودھی کی شکایت پر غداری کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ لودھی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کو زدوکوب کی گئی تھی اور پاکستان حامی نعرے لگائے گئے تھے۔ بی جے پی کے طلبہ شعبہ اے بی وی پی نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے کہ مجلس کے صدر اسد الدین اویسی یونیورسٹی کے احاطہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ رکن پارلیمنٹ کو یونیورسٹی کے احاطہ میں داخل ہونے سے روک دیا جائے۔ دیگر طلبہ نے طلبہ قائدین کے خلاف غداری کے مقدمہ پر احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ پولیس ثبوت تلاش کرنے سے قاصر رہی اور اس نے آج بیان دیا کہ طلبہ پر غداری کے الزام میں مقدمہ چلانے کیلئے اسے کوئی ثبوت بشمول ویڈیو فلمس دستیاب نہیں ہوا۔