مسلم گھرانوں میں بچوں کو اردو سکھانے کا مشورہ

اردو کے ساتھ کھلواڑ پر حکومت سے ناراضگی کا اظہار ، جناب محمد اسمعیل الرب انصاری کا خطاب
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) مدرسہ سراج المومنات کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ اُردو سے خطاب کرتے ہوئے صدر جلسہ وصدرنشین تلنگانہ اُردو فورم جناب اسمعیل الرب انصاری نے اپنے صدراتی خطاب میں مدرسہ کی خدمات کو قابلِ تقلید قرادریا۔ انہوں نے تلگو اور انگریزی کے ساتھ اپنی مادری زبان اُردو پر عبور حاصل کرنے کے راستے تلاش کرنے کا طلبہ کو مشور ہ دیا۔ اُردو زبان کو روزگار سے الگ کرتے ہوئے مذکورہ زبان کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔اُردو زبان کو مسلمانوں سے جوڑ کر اس کے ساتھ تعصب برتنے کا بھی حکمران طبقے پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے روزانہ دو گھنٹے کم از کم اپنے بچوں کو اُردو سیکھانے کی والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی۔ جناب اسمعیل الرب انصاری نے ادارہ ادبیات اُردو کے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے مدرسہ ہذا میںادارہ ادبیات اُردو کے امتحانات منعقد کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پرسابق رکن قانون سازکونسل حافظ پیر شبیر احمد نے مدرسہ کے طلبہ کو عصری تعلیم کیساتھ دینی تعلیم اور اُردو زبان پر عبور حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔بھولکپور ‘ مشیرآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے حافظ پیر شبیر احمد نے قرآن ‘ حدیث اور فقہ کو سمجھنے کے لئے اُردو زبان پر عبور ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دین سے دور ی ہمارے معاشرے کے اندر خرابیاں پیدا کررہی ہیں۔ انہوں نے عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کو لازمی قراردیتے ہوئے والدین اور سرپرستوں سے اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے بھی جوڑنے کی گذارش کی۔جلسہ اُردو کے ایک اور مہمان مقرر جناب اسمعیٰل حسین نے کہاکہ ساری دنیا میں مذہب اسلام اور مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کرنے کی سازشیں رچی جارہی ہیںان حالات میںمسلمانوں کی تعلیم سے دوری اسلام دشمن طاقتوں کے لیے حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے مسلمانوں کو ٹیلی ویثرن سے دور رہنے کا مشورہ دیا تاکہ مسلم معاشرے میں تیزی کے ساتھ پھیل رہی بے حیائی اور گمراہی کو ختم کیاجاسکے۔بعد ازاں مدرسہ سراج المومنات کے طلبا وطالبات میںجناب اسمعیل الرب انصاری‘ حافظ پیرشبیر احمد اور جناب اسمعیل حسین کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم بھی عمل میںلائی گئی۔ محترمہ اسرا‘ محترمہ ساجدہ بیگم کے علاوہ طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔