مسلم پرسنل لا بورڈ کی کارکردگی مایوس کن: مفتی مکرم

نئی دہلی۔/27مارچ، ( فیکس ) شاہی امام نے جے پور کے حالیہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس کے فیصلوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ صرف کاغذی کارروائی پر اکتفاء نہ کرتے ہوئے عملی میدان میں بھی کچھ نہ کچھ کارکردگی بورڈ پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چالیس سال میں بورڈ نے کوئی بھی کامیابی حاصل نہیں کی بلکہ نشستند و برخاستند مقولہ پر ہی عمل کرکے دکھایا، یہ بورڈ صرف چند افراد پر تکیہ کرکے سال میں ایک دوبار انگڑائی لیتا ہے اس سے مسلمانوں میں مایوسی ہے۔ بورڈ کا یہ کہنا کہ آج کے دور میں فرقہ پرست عناصر کی کارروائیوں کی وجہ سے مسلمان خوفزدہ ہیں ایسا نہیں ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ مودی لہر کو اگر تھوڑی دیر کیلئے مان بھی لیا جائے تو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ فرقہ پرست لیڈروں نے اس کی ہوا نکال دی ہے اور آج ہندوستان میں مودی کی پالیسی بھی سوالوں کے گھیرے میں آچکی ہے۔ صرف اپوزیشن کی بات نہیں ہے ہندوستان کا ہر شہری اسے مان رہا ہے اورآر ایس ایس بھی اپنی ناراضگی کا کئی بار اظہا ر کرچکی ہے حد تو یہ ہے کہ فرقہ پرست لیڈروں کے خلاف کارروائی کی بھی پارٹی میں ہمت نہیں ہے ۔ حالانکہ وگیان بھون نئی دہلی میں وزیر اعظم نے صاف صاف اعلان کیا تھا کہ میری حکومت میں ہر فرد کو مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔ آر ایس ایس سربراہ نے بھی میرٹھ میں ایک ماہ پہلے ہی کہا تھا کہ آر ایس ایس میں ہر مذہب کے لئے جگہ ہے۔ ان بیانات کے بعد بھی سادھوی جیسے نابلد لیڈروں کے بیانات اور کلیساؤں نیز عیسائیوں اور مسلمانوں پر فرقہ پرستوں کے تازہ حملوں کو دیکھا جائے تو یہی لگتا ہے کہ آج حکومت ایسے لوگوں کے سامنے بے بس ہے ۔ اسی لئے آج تک کسی لیڈر پر کارروائی نہیں کی گئی۔ شاہی امام نے کہا کہ ہم اللہ کی ذات پر بھروسہ رکھتے ہیں ہمیں کسی سے خوف نہیں ہے بلکہ ایسے حالات میں حکومت کی ہی پریشانی بڑھ سکتی ہے جیسا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں شرمناک شکست ہوبھی چکی ہے۔ شاہی امام نے وزیر اعظم اور حکومت ہند سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت نے جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کرے اور ہر طرف امن و امان کو یقینی بنائے۔