مسلم پرسنل لا بورڈ کا آج جئے پور میں قومی اجلاس

جئے پور۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کُل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کی قومی عاملہ کا 24 واں اجلاس کل جئے پور میں شروع ہورہا ہے جس میں شرعی قوانین سے متعلق مسائل اور چیلنجس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ اجلاس امکان ہے کہ حالیہ ’’گھر واپسی‘‘ پروگرام پر بھی غور کرے گا جو ہندو تنظیموں کی جانب سے چلایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت ِ راجستھان کی جانب سے اسکولس میں ’’سوریہ نمسکار‘‘ کے لزوم پر بھی غور کیا جائے گا۔ دیگر مسائل جیسے حکومت ِمہاراشٹرا کی جانب سے نرگاؤ کے گوشت پر امتناع بھی مندوبین کی بات چیت کا موضوع رہے گا۔ پرسنل لا بورڈ کی قومی عاملہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کئی پروگرام بشمول ’’گھر واپسی‘‘ پر اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ حکومت راجستھان نے اسکولس میں ’’سوریہ نمسکار‘‘ کو لازم قرار دیا ہے۔ یہ بھی ایجنڈہ کا ایک حصہ ہوگا۔ اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری محمد عبدالرحیم قریشی نے حیدرآباد سے ٹیلیفون پر اطلاع دی کہ اجلاس کا آغاز کل جمیعتہ الہدایہ پر ہوگا اور اجلاسوں کا سلسلہ 21 مارچ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی عاملہ کی کمیٹی کئی مرکزی قوانین پر بھی غور کرے گی جن کی تنسیخ ضروری ہے۔ اجلاس عام میں جس میں ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے، کربلا میدان پر منعقد کیا جائے گا۔

عبدالرحیم قریشی نے کہا کہ بورڈ کے رابطہ کار اجلاس میں اپنی رپورٹس پیش کریں گے جن پر اجلاسوں میں بحث ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نر گاؤ کے گوشت پر امتناع پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اگر کوئی شخص اس کے معاشی اثرات کا مسئلہ اٹھائے تو اس پر بھی بحث ہوگی۔ نرگاؤ کے گوشت پر امتناع پرسنل لا سے متعلق مسئلہ نہیں ہے، لیکن اس کے بعض معاشی پہلوؤں پر اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدرنشین تنظیمی کمیٹی مولانا فضل الرحیم نے جو صدر جمیعتہ الہدایہ جئے پور بھی ہیں، کہا کہ برادری کے ارکان ریاست گیر سطح سے اجلاس عام میں کثیر تعداد میں شرکت کریں گے، جس کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والینٹیرس قصبوں، سڑکوں، مسجدوں میں اس اجلاس کے بارے میں عوام کا شعور بیدار کرنے کیلئے پروگرام منعقد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے علمائے دین اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔