تھروننتاپورم ۔ 6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر ششی تھرو نے آج یہ کہتے ہوئے ایک نئے تنازعہ میں پھنس گئے کہ وزیراعظم نریندر مودی اپنے دوروں کے موقع پر ’’غیرمقامی ‘‘ ناگاپگڑی اور دیگر ٹوپیاں ، پگڑیاں پہنتے ہیں لیکن ایک مسلم ٹوپی پہننے سے انکار کرتے ہیں۔ بی جے پی نے ان کے اس ریمارک کو شمال مشرق کے عوام کی توہین سے تعبیر کیا ہے ۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے مطالبہ کیا کہ تھرور کے تبصروں کیلئے کانگریس کو معذرت خواہی کرنا چاہئے ۔ تھرور یہاں ’’عصر حاضر کے ہند میں نفرت ، تشدد اور عدم رواداری کے خلاف نبردآزما ہوجائے‘‘ کے زیرعنوان ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ مودی ملک و بیرون ملک دوروں کے موقع پر آخر کیوں ملکی و غیرملکی ٹوپیاں و پگڑیاں پہنا کرتے ہیں ۔ تھرور نے کہاکہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ سبز رنگ پہننے سے انکار کیوں کرتے ہیں ۔ وہ اس لئے کہ آیا اس سے مسلمانوں کی خوشامد ظاہر ہوتی ہے ‘‘ ۔