مسلم نوجوان محض شبہ کی بنیاد پر نشانہ

اے ٹی ایس دہشت زدہ کررہی اور غیرقانونی حراست میں رکھ رہی ہے :شرد پوار
ممبئی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی سربراہ شرد پوار نے مہاراشٹرا اے ٹی ایس پر مسلم نوجوانوں کو محض شبہ کی بنیاد پر دہشت زدہ کرنے اور انہیں غیرقانونی طور پر محروس رکھنے کا الزام عائد کیا۔ان کے بیان پر بی جے پی اور مجلس اتحاد المسلمین نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی فائدے کیلئے موقع پرستانہ موقف اختیار کررہے ہیں۔ شرد پوار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مسلم تنظیموں کے ایک وفد نے ان سے حال ہی میں ملاقات کی اور مسلم نوجوانوں کو آئی ایس یا دیگر ممنوعہ تنظیموں سے روابط کے محض شبہ کی بناء دہشت زدہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ شرد پوار نے بتایا کہ مختلف مسلم تنظیموں کی نمائندگی کررہے اس 28 رکنی وفد نے یہ شکایت بھی کی کہ اے ٹی ایس ، مسلم نوجوانوں کو دہشت زدہ کررہی ہے۔ اس وفد نے آئی ایس کی سختی سے مذمت کی اور کہا کہ مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کبھی اس کی سرگرمیوں کی تائید نہیں کرتے۔ شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ ایسی کئی مثالیں بالخصوص مرہٹواڑہ علاقہ میں سامنے آئیں جہاں مسلم نوجوانوں کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے شبہ کی بنیاد پر پکڑا اور انہیں غیرقانونی حراست میں رکھا۔ قانون کے مطابق کسی شخص کو گرفتار کرنے کے اندرون 24 گھنٹے مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنا ضروری ہے، لیکن ایسے کئی واقعات سامنے آئے کہ 120 گھنٹے گذرنے کے باوجود بھی محروس افراد کو یکا و تنہا اور نامعلوم مقام پر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہئے۔ شرد پوار کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان مادھو بھنڈاری نے کہا کہ این سی پی لیڈر نے اکثر فرقہ پرستانہ اور ذات پات پر مبنی سیاست کی ہے لہذا انہیں دوسروں کو سبق دینے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی وارث پٹھان نے کہا کہ شرد پوار کو ایک قسم کا خبط ہے اور انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ جس وقت وہ (شرد پوار) ریاست میں اقتدار پر تھے ، انہوں نے بے قصور مسلم نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھانسنے سے روکنے کیلئے کیا کیا؟ مالیگاؤں مقدمہ کا حوالہ دیتے ہوئے پوار نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو 8 سال جیل میں گذارنے کے بعد عدالت نے بری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا دوسروں کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ این سی پی لیڈر گزشتہ چند دن سے دو فرقہ وارانہ کارڈس کھیل رہے ہیں۔ مجلس کے وارث پٹھان نے کہا کہ شرد پوار یہ بھول گئے ان کی حکومت میں ہی اورنگ آباد اور مالیگاؤں مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ان مقدمات میں پانچ تا چھ سال چارج شیٹ کیوں داخل نہیں کی گئی۔ اس وقت پوار حکومت نے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جبکہ بے شمار بے قصور مسلم نوجوانوں کی زندگی اجیرن بن رہی تھی۔