علیگڑھ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا مجلس مشاورت نے جو ملک میں مختلف مسلم تنظیموں کا ایک اعلیٰ ادارہ ہے۔ تلنگانہ میں 5 مسلم نوجوانوں کی مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاکت پر احتجاج کیا۔ تنظیم نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ وقتِ مقررہ کے اندر تحقیقات پوری کرنے کے لئے عدالتی تحقیقات کروائے۔ تلنگانہ میں سیمی کے مبینہ 5 ارکان کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ مجلس مشاورت کے صدر ظفرالاسلام نے ایک بیان میں کہا کہ تمام آزادانہ رپورٹس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان مسلم نوجوانوں کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر قریب سے گولی ماری گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کے بیشتر قائدین اس بات پر زور دے ہے ہیں کہ ہندوستانی مسلمان عالمی دہشت گردی کے منصوبو ں کو ناکام بنانے میں سرگرم ہیں جبکہ سکیورٹی فورسیس درحقیقت مسلم نوجوانوں کو اس طرح کی انتہا پسندانہ اور دہشت گرد تنظیموں کے ہاتھوں میں ڈھکیلنے جیسے حالات پیدا کررہی ہیں۔