مسلم نوجوانوں کے انکاونٹر واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کروانے کا مطالبہ

ایس آئی ٹی تحقیقات مسترد، ملزم پولیس جوانوں کو معطل کیا جائے، احتجاجی جلسہ سے جناب مشتاق ملک و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (پریس نوٹ) مسلم نوجوانوں کے انکاونٹر کے ذمہ دار 17 پولیس والوں کو فوری معطل کیا جائے اور تلنگانہ حکومت سی بی آئی انکوائری کروائے۔ ایس آئی ٹی انکوائری کو مسلمان مسترد کرتے ہیں۔ ظالمانہ سفاکانہ اس قتل کے خلاف تلنگانہ کے مسلمانوں کی بے چینی کو حکومت محسوس کرے۔ انصاف کی حکمرانی کا تقاضہ ہیکہ حکومت مصلحتوں کے بجائے اصول اور انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کرے۔ ان خیالات کا اظہار حسینی علم کوکہ کی ٹٹی پالکی فنکشن ہال میں احتجاجی جلسہ عام کو خطاب کرتے ہوئے جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان، مولانا حامد محمد خاں صدر ایم پی جے، مولانا حامد حسین شطاری سنی علماء بورڈ، مولانا حسین شہید، جناب عبدالستار مجاہد مسلم لیگ، عثمان الحاجری صدر وقف پروٹیکشن کمیٹی، مجاہد ہاشمی، نے کہا۔ عبدالرحیم بیگ ٹیپو کنوینر جلسہ تھے۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کہا کہ شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع میں 5 مسلم نوجوانوں کے بہیمانہ قتل پر مسلمان احتجاج کررہے ہیں۔ کثیر تعداد میں موجود شرکاء نے نعرہ تکبیر کی گونج میں 17 پولیس والوں کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر مسلم شبان نے کہا کہ اس مسئلہ پر قانونی لڑائی کیلئے تیاری کی جارہی ہے۔ تلگو اور انگریزی میڈیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کہ مسلمانوں کو وہ ہر وقت دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے چیف سکریٹری نے ایس آئی ٹی انکوائری کا آرڈر جاری کیا اس میں ان 5 نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دیا گیا یہ دہشت گرد فیصلے سے قبل کیسے ہوگئے کسی عدالت نے بھی ان کو دہشت گرد نہیں قرار دیا۔ حکومت کی نیت صاف نہیں ہے ۔ اس کو ہم نہ برداشت کریں گے اور نہ خاموش تماشہ دیکھیں گے۔ تلنگانہ حکومت انصاف و عدل کے نعرہ کے ساتھ قائم ہوئی اور وہ اس پر عمل کرے سیاسی بازیگری کو مسلمان برداشت نہیں کریں گے۔ مولانا حامد محمد خاں ایم پی جے نے کہا کہ یہ لڑائی انصاف کی لڑائی ہے اور ایک اچھے تلنگانہ کے خواب کے ساتھ تلنگانہ کی جدوجہد کی گئی تھی مگر قتل کی سیاست چل رہی ہے۔ ایس آئی ٹی پر مسلمان اعتماد نہیں رکھتے۔ مولانا حامد حسین شطاری نے کہا کہ حکومت جب تک سی بی آئی انکوائری کا اعلان نہیں کرتی ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے اور احتجاج جاری رہے گا۔ مولانا حسین شہید نے کہا کہ دلتوں اور مسلمانوں کو مل کر انصاف کی جدوجہد کرنا چاہئے۔ ہندو کئی قوموں میں بٹے ہوئے ہیں، دلت آج ہم ہندو نہیں کا نعرہ لگارہے ہیں۔ جناب عثمان الحاجری نے کہا کہ یہ احتجاج مسلمانوں کا نہیں بلکہ انصاف کیلئے ہے۔جناب عبدالستار مجاہد مسلم لیگ نے ٹی ایس کے مسلم قیادت سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ مجاہد ہاشمی، جناب عبدالقدوس ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ جناب عبدالرحیم ٹیپو نے شکریہ ادا کیا۔