تھانے۔/6ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلم نوجوانوں کے ایک گروپ نے ایک ہندو کی آخری رسومات ادا کرکے لوگوں سے ستائش حاصل کی ہے۔ جبکہ اس شخص کی علاقہ کاواسا میں رات دیر گئے موت واقع ہوگئی تھی۔65سالہ وامن کڈم کی آخری رسومات ادا کرنے کیلئے کوئی آگے نہیں آیا۔ اسوقت 8نوجوانوں نے آخری رسومات کیلئے تیاریاں شروع کردیں۔ انہوں نے ارتھی کا سامان بمبو، رسی، مٹی کا گھڑا، اگربتی اور کپڑے، بوریہ خریدا اور نعش کو شمشان گھاٹ لیجاکر صبح سویرے 7 بجے آخری رسومات انجام دیں۔ اگرچیکہ یہ کام خاموش کیا گیا لیکن ممبئی ۔ کلوا کے رکن اسمبلی جتندرا وہاد کو اطلاع ملنے پر اپنے فیس بک پر نوجوانوں کی خدمت میں سلیوٹ پیش کیا۔ علاوہ ازیں مسلم اکثریتی علاقہ ممبرا کے مکینوں نے بھی ان کی ستائش کی۔ مذکورہ نوجوانوں میں خلیل پوانے، فہدواببر، نوازواببر، راحیل رابر، شعبان خان، مقصود خان، فاروق خان اور محمد قاسم شیخ شامل تھے۔