مسلم نوجوانوں کو مسابقت کے لیے تیار کرنے قومی سمینار رکھنے کا فیصلہ

وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی جناب ظفر سریش والا کا اعلان
حیدرآباد ۔20 جولائی (سیاست نیوز) مسلمانوں کی معاشی ترقی اور خاص طور پر مسلم نوجوانوں کو دیگر ابنائے وطن کے ساتھ ہر شعبہ میں مسابقت کیلئے تیار کرنے کے مقصد سے اُردو یونیورسٹی کے چانسلر ظفر سریش والا نے ایک قومی سمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ احمدآباد (گجرات) سے سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے ظفر سریش والا نے بتایا کہ 9 اگست کو اُردو یونیورسٹی میں قومی سمینار منعقد ہوگا جس کا عنوان ’’تعلیم کے ذریعہ مسلمانوں کی ترقی‘‘ ہوگا۔ اس سمینار میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتیں شریک ہوں گی اور مسلمانوں کی معاشی ترقی کی نئی راہوں کے بارے میں رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکٹ اور بینکوں کے تعاون سے صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری جیسے اہم شعبہ میں مسلمانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے اس سمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ سیبی (SEBI) کے صدرنشین کے علاوہ اسٹاک مارکٹ کے ماہرین، قومیائے بینکوں کے نمائندے، سرمایہ کاری کے ماہرین اور ماہرین تعلیم کو سمینار میں اظہار خیال کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ ظفر سریش والا نے کہا کہ سمینار کے شرکاء کا تعلق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں میں سے ہوگا۔ تلنگانہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیتوں کو اس سمینار میں مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ایقان ہے کہ معاشی استحکام کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی اور کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے معاشی استحکام اہم کلید ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے قومی سطح کے ماہرین کے ساتھ سمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ سمینار میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ مختلف شعبوں میں مسلمانوں کے پچھڑے رہنے کی کیا وجوہات ہیں۔ بینکوں کی مدد سے کس طرح مسلمان نئی صنعتیں قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی نظر میں 50 سے زائد ایسے ادارے موجود ہیں جو اسٹاک مارکٹ میں قدم رکھتے ہوئے ترقی کی نئی منزلیں طئے کرسکتے ہیں لیکن ان اداروں کو صحیح رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اُردو یونیورسٹی کے فارغین کو وہ قابل اور ماہر دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر سنٹرل یونیورسٹیز کے معیار کے مطابق ہوں اور کسی بھی اہم ادارے میں ملازمت کی اہلیت رکھتے ہوں۔