مسلم نوجوانوں کو داعش سرگرمیوں سے دور رکھنے سمینار

رویندر بھارتی میں 6 اگست کو ریاستی اقلیتی کمیشن کے زیر اہتمام انعقاد
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کی جانب سے 6 اگست کو رویندربھارتی میں سمینار منعقد کیا جارہا ہے جس کا مقصد آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو دور رکھنا اور اس کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔ حالیہ عرصہ میں ہندوستانی نوجوانوں کے بعض معاملات منظر عام پر آئے جس میں پولیس نے ان پر آئی ایس آئی ایس سے روابط کا الزام عائد کرتے ہوئے حراست میں لیا۔ مسلم نوجوانوں کو اس طرح کی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے اقلیتی کمیشن نے قومی سمینار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سمینار میں ہندوستان کے مختلف علاقوں سے نمائندہ شخصیتوں کو مدعو کیا گیا جن میں پولیس کے اعلیٰ عہدیدار، مسلم قائدین ، دانشور، ماہرین قانون اور صحافی شامل ہیں۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں نے بتایا کہ سمینار کا مقصد مسلم نوجوانوں کو آئی ایس آئی ایس کے شکنجہ سے بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمینار کے مقررین مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کریں گے۔ کمیشن کی جانب سے حیدرآباد میں ملک بھر کے تمام اقلیتی کمیشنوں کی کانفرنس منعقد کرنے کی بھی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کیلئے چیف منسٹر، اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین قانون ساز کونسل سے وقت مانگا گیا ہے۔