مسلم معاشرہ میں مثبت تبدیلیاں ‘ ادارہ سیاست کی کوششیں ثمر آور

پیامات کے اداروںکی جانب سے والدین کے استحصال پر اظہار افسوس ‘ دوبہ دو ملاقات پروگرام‘ جناب عابد صدیقی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔5؍ نومبر(دکن نیوز) ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم ‘ لالہ گوڑہ بوائز اسوسی ایشن کے زیراہتمام آج کلرس فنکشن ہال ‘ اندرانگر ‘ مولاعلی میں 80 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام انتہائی کامیاب رہا جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے دو بہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت کی ۔ جناب قادر شریف چیرمین جیمس ایجوکیشن سوسائٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب محمد نصیرالدین ‘ جناب کے محمود علی اور جناب محمد نعیم بحیثیت مہمانان اعزازی شریک تھے ۔ میڈیسن‘ انجنیئرنگ ‘ پوسٹ گریجویٹ ‘ گریجویٹس ‘ انٹرمیڈیٹ ’ ایس ایس سی ‘ حافظ ‘ عالم ‘ فاضل اور عقدثانی کے رشتوں کے لئے علحدہ علحدہ کاؤنٹرس بنانے گئے تھے ۔ جہاں کونسلر اور والینٹرس کی رہنمائی اور تعاون کے ذریعہ والدین نے پیامات کی تفصیل سے واقفیت حاصل کی اور برسرموقع رشتوں کا انتخاب کیا ۔ اس موقع پر جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ا ٓج ہمارے معاشرہ میں کئی طرح کی برائیوں کا اصل سبب اسلامی تعلیمات سے دوری اور اللہ کے احکام کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جناب زاہد علی خان اور جناب ظہیرالدین علی خان کی کوششوں سے مسلم معاشرہ کے انداز فکر اور طرز عمل میں مثبت تبدیلیاں پیدا ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنی اولاد کو تعلیمیافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق اور سیرت کو سنوارنے اور انہیں اسلامی تعلیمات کا آئینہ دار بنانے کی طرف توجہ دیں ۔ ابتداء میں صدر لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن جناب سید تاج الدین نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حرص و لالچ اور دنیا پرستی کے باعث شادی بیاہ کو ایک مشکل مسئلہ بنا دیا گیا ہے ۔ جس کے بھیانک نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ جناب محمد عثمان جوائنٹ سکریٹری نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور کہاکہ لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کی جانب سے یہ چوتھا دوبہ دو ملاقات پروگرام ہے جسے سیاست اور ایم ڈی ایف کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے ۔ جناب قادر شریف چیرمین جیمس ایجوکیشنل سوسائٹی نے اس موقع پر سیاست کی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میریج بیورو اور ادارہ جات پیامات کی جانب سے والدین کے استحصال کو شرمناک قرار دیا ۔ اسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری جناب محمد جہانگیر نے کہا کہ ہماری شادیاں پورے معاشرے کے لئے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہیں ۔ ہم مسائل کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنا نہیں چاہتے اس لئے ہم پر ظالم حکمراں مسلط کئے جا رہی ہیں ۔ حافظ محمد ذیشان کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جناب احمد صدیقی مکیش نے بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر ایم ڈی ایف کے آرگنائزنگ صدر جناب ایم اے قدیر مرحوم کے انتقال پر ملال پر مقررین نے اظہار تعزیت کیا اور حافظ صاحب نے ان کی مغفرت کے لئے بارگاہ الٰہی میں دعا کی ۔ دو بہ دو ملاقات پروگرام میں آج لڑکیوں کے 75 اور لڑکوں کے 35 رجسٹریشن کروائے گئے ۔ میر انورالدین‘ سیدہ محمدی ‘ شبانہ نعیم ‘ ڈاکٹر دردانہ ‘ خدیجہ سلطانہ ‘ سید الیاس باشاہ ‘ سیداصغر حسین ‘ اے اے کے امین ‘صالح بن عبداللہ باحاذق ‘ محمد احمد‘ لطیف النساء ‘ رئیس النساء ‘ فرزانہ ‘ امتیاز ترنم ‘ مہر النساء ‘ احمدی اور دوسروں نے کونسلنگ میں حصہ لیا ۔ جناب ایم اے احمد خان‘ جناب محمد نصراللہ خان ‘ محمد شاہد حسین ‘ احمد صدیقی مکیش اور لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے ایس اے واجد ‘ سید زین العابدین ‘ محمد ذاکر اور دوسرے نے وسیع تر انتظامات کی نگرانی کی ۔ 80 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام تقریباً 4 بجے شام اختتام کو پہنچا ۔