مسلم مسائل کے حل کیلئے صحت مند نمائندگی ضروری

سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کی تعلیمی کانفرنس، مفتی خلیل احمد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔3اپریل(سیاست نیوز) سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کی دوروزہ تعلیمی کانفرنس کی دوسری نشست سے خطاب کے دوران ریاست تلنگانہ کے ممتاز علماء مشائخین ‘ اکابرین‘ دانشوروں نے مسلم مسائل کے حل کے لئے ایک صحت مند نمائندگی کو ضروری قراردیااور کہاکہ حکومتوں کی فلاحی اسکیمات کے متعلق موثر انداز میں شعور بیداری مہم کی ضرورت ہے۔آج یہاں مدینہ ایجوکیشن سنٹر کے کانفرنس ہال میں سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری دوروزہ تعلیمی کانفرنس کی آخری نشست کی نگرانی شیخ الحدیث مولانا مفتی خلیل احمد نے کی جبکہ مولانا سید احمد الحسین سعید قادری‘مولانا شاہ ابراہیم حسینی‘مولانا سید شاہ حفیظ اللہ حسینی‘مولانا سید شاہ کلیم اللہ حسینی‘مولانا اشرف علی جائیسی‘ جناب غلام قادری حقانی‘پروفیسر عبدالقیوم مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی‘سید بشیر الدین‘ڈاکٹر محمد کاظم علی‘ماہر تعلیمات ڈاکٹر اختر احمد صدیقی جناب سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی سکریٹری سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے علاوہ دیگر نے اجلا س سے خطاب کے دوران مسلمانوں کی بڑھتی معاشی اور تعلیمی پسماندگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ مسلمانوں تک حکومت کی فلاحی اسکیمات کی رسائی کے لئے موثر انداز میںکام کرنے والے اداروں کی ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیمی اور معاشی پسماندگی کاشکار مسلم بستیوں میں حکومتوں کی فلاحی اسکیمات کے متعلق عوام میںشعور بیداری مہم چلاسکیں۔ سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے ذمہ داران نے اس ضمن میںایک پہل کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ سوسائٹی میںنوجوانوںاور خواتین کے لئے دو علیحدہ شعبوں کا قیام عمل میںلایاجارہا ہے تاکہ مستقبل میں سوسائٹی کے کارکردگی میںمزید تیزی لائی جاسکے۔ اجلاس کی کاروائی جناب علی الدین قادری نے چلائی ۔