مسلم لیگ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی تائید کرے گی

عبدالستار مجاہد سینئیر قومی جنرل سکریٹری و ریاستی صدر آل انڈیا مسلم لیگ کا اعلان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : تلنگانہ کے پارلیمانی و اسمبلی انتخابات میں آل انڈیا مسلم لیگ حلقہ پارلیمانی سکندرآباد و چیوڑلہ جہاں آل انڈیا مسلم لیگ کے امیدوار مقابلہ کررہے ہیں کو چھوڑ کر تلنگانہ کے تمام پارلیمانی و اسمبلی حلقوں میں آل انڈیا مسلم لیگ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی تائید کرے گی ۔ اس بات کا فیصلہ آل انڈیا مسلم لیگ نے کل منعقدہ تلنگانہ علاقے کے ارکان عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا ۔ جس کی صدارت عبدالستار مجاہد سینئیر قومی جنرل سکریٹری و ریاستی صدر آل انڈیا مسلم لیگ نے کی ۔ اس موقعہ پر مسٹر مجاہد نے کہا کہ حصول تلنگانہ کے لیے جہاں دوسری جماعتوں نے شریک جدوجہد رہی وہیں پر ازل سے ہی مسلم لیگ نے حصہ لیا ۔ مرحوم سید خلیل اللہ حسینی و سید غوث خاموشی جیسے مخلص قائدین نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے لیے انتھک جدوجہد کی تھی اور آج کے سی آر نے اس تحریک کو بام عروج پر لاکر تلنگانہ حاصل کیا جو ہماری دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوئی جس کے لیے ہم کو ٹی آر ایس کا ساتھ دینا چاہئے ۔ قاضی سید معز الدین نائب صدر نے کہا کہ جہاں تک کانگریس کا تعلق ہے اس نے گزشتہ 60 سال سے تلنگانہ کی آواز کو کچلتے آرہی تھی سینکڑوں نوجوانوں نے اپنے جانوں کی قربانی دے کر مرکز پر دباؤ ڈالا جس کے نتیجہ میں مجبور ہو کر کانگریس نے تلنگانہ دینے کا فیصلہ کیا ورنہ تلنگانہ میں کانگریس کی بقا مشکل تھی ۔ سید مصطفی قادری جنرل سکریٹری نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کے ووٹ کی حقدار صرف ٹی آر ایس ہے ۔ محمد جاوید سٹی کانوینر مسلم لیگ کانگریس کو ایک دھوکہ باز جماعت قرار دیا جس نے گذشتہ 60 سال سے مسلمانوں کو آر ایس ایس و بی جے پی کا ڈر بتاکر ووٹ حاصل کرتے آرہی ہے ۔ اب ہمیں ایک بار ٹی آر ایس کو بھی موقع دینا چاہئے ۔ محمد چاند کنوینر رنگاریڈی و امیدوار حلقہ پارلیمانی چیوڑلہ نے کہا کہ کانگریس ہو کہ بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ ہے اجلاس کو عبدالجبار وجاہت عبدالباسط چیوڑلہ محمد شبیر ، اصغر شاہ خاں کریم نگر ، محمد عماد ، محمد آصف ، محمد عبدالرزاق ، محمد شفیع الدین ایڈوکیٹ ظہیر آباد ، محمد اعجاز الحق ، محمد مشتاق سنگاریڈی ، سید اعتماد الدین ایڈوکیٹ و سید لائق علی نے مخاطب کیا ۔ سید مصطفی قادری جنرل سکریٹری کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔