احساس کمتری کو دور کریں ، فلائی ایر ایویشن اکیڈیمی تقسیم اسناد تقریب ، ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز ) ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کہاکہ مسلمان لڑکیوں او رلڑکوں کواپنی مسابقتی صلاحیتوںپر توجہہ مرکوز کرتے ہوئے احساس کمتری سے باہر آنے کی ضرورت ہے ۔ مسلم معاشرے کے لئے یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے صرف جذبے کی ضرورت ہے ‘ ہمارے لئے کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاہ فیصل ایک مثال ہیں جنھوں نے مسابقتی امتحانات میںاول مقام حاصل کیا اور آئی اے ایس افسر بنے۔ وہ آج یہاں سیاست کے گولڈن جوبلی ہال میں فلائی ائیرایویشن اکیڈیمی کے تحت تربیت حاصل کرنے والے 150طلبہ میں اسناد کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چیرمن سٹ ون میر عنایت علی باقری‘ سعودی عرب کے ممتاز صنعت کارحسام القحطانی‘ جناب غضنفر علی ذکی سکریٹری ایس آئی بی این‘ نے بھی تقریب میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے سلسلے خطاب کوجاری رکھتے ہوئے کہاکہ مسلمان ایک باصلاحیت قوم کا نام ہے جس کو احساس کمتری سے باہر آنے اور دنیامیںمل رہے مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایویشن کے شعبہ میںہمہ اقسام کے تربیتی پروگرامس ہیںجس پر عبور حاصل کرنے کے بعد یقینی طور پر ملازمت مل سکتی ہے۔ جناب زاہد علی خان نے مزیدکہاکہ آنے والے دنوں میںایویشن کی مانگ بڑے گی وہ طلبہ جو اس شعبہ میںاپنی قسمت آزمارہے ہیںانہیں بہتر ملازمتیں بھی ملیںگی۔انہوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے کمرشیل پائیلٹ کے طور پر اڑان بھرنے کی منتظر پرانے شہر سے تعلق رکھنے والی ہونہار سلویٰ فاطمہ کا بھی اس موقع پرذکر کیااور کہاکہ حکومت تلنگانہ نے بھی ہماری نمائندگی پر سلویٰ فاطمہ کو 30-35لاکھ روپئے کی اسکالرشپ فراہم کی ہے اور اب وہ نیوزی لینڈ روانہ ہوگی جہاں پرسلویٰ فاطمہ کو مزید ٹریننگ دی جائے گی۔جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ایویشن کے شعبہ میںزبان کی بھی کافی اہمیت ہے اور ادارہ سیاست انگریزی تلفظ میںمہارت کے لئے امریکی سفارت خانہ کے اشتراک سے انگریزی بول چال کی کلاسس کا بھی انعقاد عمل میںلاچکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس کا دسواں بیاچ 10مئی کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ دوسرا بیاچ رمضان کے بعد سے شروع ہوگا۔ جناب زاہد علی خان نے فلائینگ ایویشن اکیڈیمی کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کوان انگریزی کلاسس سے بھی استفادہ کرتے ہوئے اپنے انگریزی بول چال میں تیزی لانے کا مشورہ بھی دیا۔ جناب زاہد علی خان نے ان کے علاوہ دیگر کورسس کی بھی تربیت کو سٹ ون میںمتعارف کروانے کی تجویز پیش کی۔ انہوںنے کہاکہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں ہیر اسٹائیلسٹ کی کافی مانگ ہے ۔ انہوں نے سٹ ون چیرمن سے کہاکہ وہ سٹ ون کے تحت بال تراشی کے کورسس کا بھی آغاز کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہر ملک میںمسلما ن ہیر اسٹائیلٹش موجود ہیں مگر ہمارے یہاں اس کام کو معیوب سمجھا جاتا ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے سٹ ون کے تحت خاتون ویڈیو گرافرس کی ٹریننگ بھی شروع کرنے کی تجویز پیش کی اور کہاکہ سعودی عرب میں شادی یا دیگر تقاریب کے موقع پر چار سے پانچ سال کے لڑکوں کا تک خواتین میںداخلہ ممنوع رہتا ہے اور ہمارے یہاں پر دھڑلے کے ساتھ ویڈیوگرافر لڑکے لیڈیز سیکشن میںداخل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس بے حیائی کو روکنے کے لئے لیڈیز سیکشن میں خاتون ویڈیوگرافرس کی خدمات حاصل کی جانی چاہئے۔ جناب زاہد علی خان نے فلائی ائیر ایویشن اکیڈیمی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ وہ طلبہ کے بہتر مستقبل کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کرتے رہیںیقینا انہیںکامیابی ملے گی۔سٹ ون چیرمن نے بھروسہ دلایاکہ فلائی ائیرایویشن اکیڈیمی کو بہت جلد سٹ ون کارجسٹریشن دیا جائے گا جس کے بعد اکیڈیمی کو سٹ ون کا مصدقہ سرٹیفکیٹ ہوگا۔ انہوں نے تقریب میںموجود نوجوانوں کو مشورہ دیاکہ وہ ریشم کے کیڑے کی صفت اختیار کریں جو ایک ہزار سال تک قائم رہنے والا دھاگہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے بے پناہ فلاحی اسکیمات متعارف کروائے جارہے ہیںجس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لڑکوں سے کہاکہ وہ لڑکیوں کی طرح ڈسپلن اور بلا ناغہ ٹریننگ میںحصہ لیں ۔ جناب حسام القحطانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کا شکریہ اداکیا جنھوں نے اس شاندار تقریب میںانہیںمدعو کرکے نوجوانوں سے خطاب کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے ٹریننگ مکمل کرنے والے طلبہ کے بہتر مستقبل کے لئے نیک تمنائو ں کا اظہار بھی کیا۔ واضح رہے کہ فلائی ائیرایویشن اکیڈیمی کے تحت تربیت حاصل کرنے والے150طلبہ وطالبات ادارہ سیاست کی جانب سے فی طلبہ 20ہزار روپئے اسکالرشپ جاری کی گئی تھی۔ مذکورہ ایویشن اکیڈیمی میں تربیت حاصل کرنے والے 43طلبہ نے ملازمت کے لئے درخواستیںدی تھی جن میں سے 26طلبہ کا تقرر عمل میںآچکا ہے۔نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عا مر علی خان کی ہدایت پرجناب محمد آصف اور جناب عبدالجبار مذکورہ اکیڈیمی کی نگرانی کررہے ہیں۔