نئی دہلی۔/7نومبر، ( فیکس ) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ حضرت امام حسین ؓ کے پیغام صبر و استقامت کو زندگی بھر یاد رکھنے اور اس پر عمل کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ شہادت کے بیان کی محفلیں محض رسم نہیں ہیں بلکہ ان میں نونہالان امت کیلئے زندہ جاوید سبق ہے۔ دین کی راہ میں آزمائشیں آتی ہیں اور ہر وقت کتاب و سنت پر استقامت کی ضرورت ہے اسی میں دین و دنیا کی بھلائی ہے۔ شاہی امام نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ جیلوں میں بالخصوص سابرمتی جیل احمد آباد میں قیدیوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنایا جائے اور مسلمان ہونے کی وجہ سے ان کی ساتھ وحشیانہ حیوانی برتاؤ نہ کیا جائے۔ شاہی امام نے کہا کہ مسلم قیدیوں کو ناحق گرفتار کیا گیا ہے یا واقعی ان کا جرم ہے یہ تو بعد میں ثابت ہوگا لیکن ہر قیدی کی طرح انہیں مراعات ملنی چاہیئے۔ جیلوں میں مسلم قیدیوں کی حفاطت اور تندرستی کو یقینی بنایا جائے۔ محرم کے جلوس دہلی میں بخیر گزرنے پر شاہی امام نے کہا کہ ملک کے پرامن سیکولر شہریوں کی وجہ سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔ برادران وطن فرقہ پرستی کی ہمت افزائی نہیں کرتے یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ دہلی میں سکون ضرور ہے لیکن امن نہیں ہے۔ ترلوک پوری، کلیان پوری، بوانہ اور مدن پورکھادر وغیرہ علاقوں میں شرپسند عناصر پر گرفت کرنے کی ضرورت ہے۔شرارتی لوگ آزاد ہیں اور علاقہ کے مسلمان خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ دہلی سے صدر راج ختم کردیا گیا ہے، الیکشن کا ماحول ہے اس سے فرقہ پرست لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ فرقہ پرستوں کی گرفتاری ضروری ہے۔ حکومت اور دہلی کے لیفٹننٹ گورنر سے اس طرف توجہ کرنے کی اپیل ہے۔ واگھا بارڈر پر خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر شاہی امام نے اظہار افسوس کیا۔