مسلم طلباء کی تعلیمی ترقی کیلئے اقدامات

یتیموں کی کفالت، حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کی دعوت افطار

حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ و فیڈ کے سالانہ اجلاس و دعوت افطار کا انعقاد عمل میں آیا۔ صدرنشین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ جناب غیاث الدین بابو خان نے اِس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ زکوٰۃ کے ذریعہ ملت اسلامیہ کے نونہالوں کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اِس اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس ڈائرکٹر میناریٹی ویلفیر تلنگانہ کے علاوہ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے ٹرینی مسلم آئی پی ایس جناب رئیس اختر، جناب عبدالعلیم خان صدرنشین فیڈ، جناب خلیل احمد ٹرسٹی موجود تھے۔ جناب غیاث الدین بابو خان نے اجلاس کے دوران بتایا کہ حیدرآباد زکوٰۃ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے یتیموں کی کفالت کے علاوہ نوجوان بیواؤں کے نکاح ثانی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ جناب سید عمر جلیل نے اِس موقع پر اپنے خطاب کے دوران ٹرسٹ کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کے علاوہ فیڈ کا سب سے اہم کارنامہ حیدرآباد اسکول آف اکسلینس کا قیام ہے۔ جناب خلیل احمد نے گزشتہ ایک برس کی کارکردگی کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ جناب رئیس اختر آئی پی ایس نے ٹرسٹ کے ذمہ داران کو مشورہ دیا کہ وہ بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطحی تعلیم بالخصوص مسابقتی امتحانات کے لئے مسلم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ شروع کریں۔ جناب ضیاء الدین نیر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔