مسلم شادی کے رقعہ پر رام اور سیتا کی تصویر یوپی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مثالی مظاہرہ

لکھنؤ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ایک ایسے وقت جبکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پائی جاتی ہے ایک مسلم شخص نے مذہبی حدود سے بالاتر ہوکر ایک مثالی مظاہرہ کیا اور شادی کے رقعہ پر بھگوان رام اور سیتا کی ورمالا پہناتے ہوئے تصویر شائع کی۔ اپنے موضع کے ہندو دوستوں کے ساتھ خیرسگالی کا جذبہ ظاہر کرتے ہوئے دونوں نے شادی کے رقعے شائع کئے۔ مسلم رشتہ داروں اور دوستوں کے لئے علیحدہ روایتی اسلامی طرز کا رقعہ چھاپا گیا۔ اس شخص نے اپنی دختر کی شادی کی دعوت کے لئے دو طرح کے رقعے تیار کئے تھے۔ ایک رقعہ ہندو دوستوں کو دینے کے لئے تھا جس پر بھگوان رام اور سیتا کی ورمالا پہناتے ہوئے تصاویر تھیں۔ وسط یوپی میں ضلع سلطان پور کے محمد سلیم نے کہاکہ یہ میرے ہندو بھائیوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے چھوٹا سا خیرسگالی مظاہرہ ہے۔ محمد سلیم نے اپنی دختر جہاں بانو کی شادی یوسف محمد سے طے کی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ رقعہ پر ہندو دیوتاؤں کی تصاویر چھاپنے سے دلہا والوں کو کوئی اعتراض ہوگا تو محمد سلیم کے بھائی نے کہاکہ بلاشبہ ایسا نہیں ہوگا کیوں کہ ان لوگوں نے بھی اس جذبہ کی ستائش کی ہے۔ یہ ایک چھوٹا سا قدم ہے لیکن دو طبقات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی جانب مثالی مظاہرہ ہے۔ محمد سلیم نے اپنے ہندو دوستوں کے لئے 350 کارڈس پرنٹ کروائے ہیں جبکہ رشتہ داروں اور مسلم دوستوں کے لئے 400 کارڈس علیحدہ پرنٹ کئے ہیں۔