حیدرآباد۔/6 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مسلم سرکاری ملازمین کو شام 4 بجے دفتر سے جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی مسلم سرکاری ملازمین اور حکومت کے دیگر اداروں میں کام کرنے والے مسلم ملازمین کو افطار اور تراویح میں سہولت کیلئے ایک گھنٹہ قبل دفتر سے جانے کی اجازت رہے گی۔ چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے اس سلسلہ میں جی اے ڈی کو احکامات کی اجرائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی احکامات کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ اسی دوران حیدرآباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی اطلاع کے مطابق رمضان المبارک کے دوران تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہائی کورٹ اور تحت کی تمام عدالتوں کے تحت کام کرنے والے مسلم ملازمین رمضان المبارک کے دوران 17 مئی تا 15 جون شام 4 بجے دفتر سے روانہ ہوسکتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران بازار کورات بھر کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے۔