مسلم رہنماؤں کی پیرس اپیل، د اعش کی سفاکیت کی مذمت

پیرس ، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے سرکردہ مسلم رہنماؤں نے عراق اور شام میں برسر پیکار سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامی (داعش) کی ہولناک سفاکیت ،لوگوں کو اجتماعی طور پر قتل کرنے اور انھیں غائب کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان مسلم رہنماؤں نے منگل کو فرانسیسی دارالحکومت کی جامع مسجد سے ’’پیرس اپیل ‘‘ کے نام سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں داعش کے مظالم وسفاکیت کو انسانیت کے خلاف بدترین جرائم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اب لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں اور پورے خطے کے استحکام اورامن کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ دستخط کنندگان دوٹوک الفاظ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ انسانیت مخالف جرائم ہیں۔یہ واضح کیا جاتا ہے کہ اسلام اس طرح کے گروہوں ،ان کے حامیوں اور بھرتی شدگان کی وکالت نہیں کرتا ہے۔ ان کی جہاد کی دعوت اور نوجوانوں کو اس کیلئے بھرتی کرنے کی مہم اسلامی تعلیمات کے منافی ہے‘‘۔ مسلم رہنماؤں نے عراق اور شام میں لڑنے والے جنگجو گروپوں کی جانب سے نوجوان یورپیوں کو بھرتی کرنے کی بھی مخالفت کی ہے۔فرانس کے شمالی شہر للی کی مسجدالایمان کے امام عمارالاسفر نے کہا کہ ’’ہم نوجوان فرانسیسی مسلمانوں کو شام اور عراق جانے اور وہاں داعش کی صفوں میں شامل ہوکر لڑنے پر خبردار کرتے ہیں‘‘۔