مسلم رشتوں کا دوبدو پروگرام اتوار کو مہدی پٹنم میں مقرر

جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست صدارت کریں گے ، براہ راست نشریات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سیاست اور ملت فنڈ کے تعاون و اشتراک سے مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے طئے کرنے کے لیے والدین اور سرپرستوں کا 84 واں دوبدو ملاقات پروگرام نیو اسٹار فنکشن ہال روبرو کریسنٹ ہاسپٹل مہدی پٹنم روڈ پر 22 اپریل اتوار کو صبح 10 تا 4 بجے دن منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید مرتضی افتخار مہدی پروپرائٹر نیو اسٹار فنکشن ہال شرکت کریں گے ۔ اب تک ہوئے سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے دوبدو ملاقات پروگرام میں جن والدین نے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کروالیا ہے وہ جوڑے خوشی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں ۔ پروگرام کی خاص بات یہ رہے گی کہ ایک ہی وقت میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لڑکوں یا لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا کی مدد سے رشتے تلاش کرسکتے ہیں ۔ اس لیے والدین اپنے ساتھ لڑکا ہو یا لڑکی کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز زیادہ سے زیادہ رکھیں تاکہ باہمی تعارف میں آسانی پیدا ہوسکے ۔ پروگرام میں میڈیسن ، انجینئرنگ ، گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، بی سی اے ، انٹر ، ایس ایس سی ، و فنی کورس کے ساتھ عالم و حافظ لڑکوں اور لڑکیوں کے فوٹوز کاونٹرس پر ملاحظہ کے لیے رکھے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ عقد ثانی اور تاخیر سے شادی اور معذورین کے لیے بھی رشتوں کے کاونٹرس رہیں گے ۔ جتنے کاونٹرس پروگرام میں رکھے جارہے ہیں اس پر کونسلرس کو متعین کیا گیا ہے ۔ والدین کسی بھی مسئلہ میں ان کونسلرس سے مدد اور گفتگو کرسکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ کمپیوٹر سیکشن بھی رہے گا جہاں کمپیوٹرس کی مدد سے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔ جن والدین نے سیاست میٹری ڈاٹ کام کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کروائے ہیں انہیں دیکھنے اور انتخاب کرنے کی سہولت درکار رہے گی ۔ واضح رہے کہ اس دوبدو ملاقات پروگرام میں اقطاع عالم میں موجود حیدرآبادیوں کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے یہ پروگرام بڑا سود مند ثابت ہوگا ۔ اس لیے طئے کیا گیا کہ اس پروگرام کو حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ملک کی تمام ریاستوں اور اس کے اضلاع کے علاوہ بیرونی ممالک امریکہ ، کینڈا ، سعودی عرب ، دوحہ قطر اور دیگر ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں کے لیے اس پروگرام کے آغاز سے لے کر اختتام تک سیاست کے فیس بک ، اسکائیپ اور یو ٹیوب پر راست مشاہدہ کی سہولت حاصل رہے گی ۔ جو والدین دفتر میں یا کسی اور دوسرے دوبدو ملاقات پروگرام میں اپنا رجسٹریشن کروائے ہیں انہیں رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں بلکہ انہیں اپنا رجسٹریشن کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا ۔ البتہ والدین سے بات چیت کے لیے انہیں اپنے ساتھ فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز ضرور رکھنی ہوگی ۔ مزید تفصیلات خالد محی الدین اسد سے 9391160364 سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔۔