مسلم خواتین و لڑکیوں کو ضامن روزگار کورسیس کی تربیت کا فیصلہ

دفتر سیاست میں ایم ڈی ایف کا اجلاس ، جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کا اعلان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( دکن نیوز ) : سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر نگرانی چلائے جانے والے 12 مستقل ووکیشنل تربیتی مراکز کے انچارج کا مشاورتی اجلاس آج شام دفتر ایم ڈی ایف ، احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس منعقد ہوا ۔ جس میں ان سنٹرس پر مسلم لڑکیوں اور خواتین کے لیے معاون روزگار کورسیس کی تربیت کے باقاعدہ اہتمام کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں ان سنٹرس پر تیار کردہ اشیاء ملبوسات کی مارکیٹنگ کے لیے ایک شوروم قائم کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے گذشتہ 12 برسوں سے حیدرآباد اور اضلاع میں تربیتی مراکز کو مستحکم بنانے کے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی و رہنمائی میں ان سنٹرز کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں ایم ڈی ایف کے عہدیداران ایم اے قدیر ، ڈاکٹر ایوب حیدری نائب صدور ، محمد برکت علی ، محمد فرید الدین ، کوآرڈینٹرس ، احمد صدیقی مکیش ، خدیجہ سلطانہ ، محمد نصر اللہ خاں ، ایم اے واحد اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ اس کے علاوہ مراکز کے انچارج سلمیٰ بیگم ، ریحانہ بیگم (کاماریڈی ) ، سیدہ محمدی ، افسر سعیدہ ، کوثر جہاں ، فرزانہ بیگم اور دوسروں نے شرکت کی اور مختلف تجاویز پیش کئے ۔ بعد میں مراکز کے ایک وفد نے جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کی ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے تعارف کروایا ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں نے سنٹرس کے انچارج کو تیقن دیا کہ سیاست کی جانب سے ان کی ہر ممکنہ امداد اور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔۔