مسلم خاندان کو ایکس گریشیا کیلئے محکمہ ا قلیتی بہبود سے نمائندگی، کلکٹر حیدرآباد کا مکتوب

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی نمائندگی پر کلکٹر حیدرآباد نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک متاثرہ خاندان کو ایکس گریشیا کی اجرائی کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کیا۔ اقلیتی کمیشن نے شیخ سعید باوزیر کے مسئلہ کو ضلع کلکٹر سے رجوع کرتے ہوئے ایکس گریشیا کی اجرائی کی خواہش کی تھی۔ کلکٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس مسئلہ کو محکمہ اقلیتی بہبود سے رجوع کردیا اور ترجیحی بنیادوں پر غور کرنے کی خواہش کی ۔ اسی دوران محکمہ اقلیتی بہبود نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ موجودہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں 4 فیصد بی سی ای تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ اقلیتی کمیشن کی نمائندگی پر تمام محکمہ جات سے کیڈر اسٹرینتھ اور جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ کمیشن کی رکن ڈاکٹر ودیا شراونتی نے کلکٹر حیدرآباد کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود سے نمائندگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔