ذات پات کے نام پر سینئر ساتھیوں کی ہراسانی کا کیس سنگین، ڈپٹی کمشنر پولیس ممبئی کا بیان
ممبئی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مسلم خاتون ڈاکٹر پایل تدوی کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات اب ممبئی پولیس کرائم برانچ کی جانب سے کروائی جائے گی۔ ذات پات کے نام پر ہراساں کرتے ہوئے اِس مسلم خاتون ڈاکٹر کے سینئر ساتھیوں نے رکیک جملے کسے تھے جس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کرلی۔ اِس واقعہ کو سنگین متصور کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے اِس کیس کی تحقیقات کرائم برانچ کے حوالے کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس منجو ناتھ سنگٹے نے کہاکہ کیس بہت سنگین ہے۔ پایل تدوی کے وکیل نتن سبکوٹے نے کہاکہ کرائم برانچ کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا یہ فیصلہ اُس وقت کیا گیا جبکہ ہم کیس سی بی آئی یا کرائم برانچ سے رجوع کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ پولیس نے اِس کیس کی نوعیت کو محسوس کرتے ہوئے کرائم برانچ کے حوالہ کیا ہے کیوں کہ اگری پاڑہ پولیس کی جانب سے مناسب تحقیقات نہیں کی جارہی تھی۔ سبکوٹے نے کہاکہ بلاشبہ یہ کیس قتل کا معاملہ ہے لیکن پولیس اِس قتل کے معاملہ کی مناسب طریقہ سے تحقیقات نہیں کررہی ہے لہذا ہم نے دباؤ ڈالا کہ یہ کیس بعض دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کے حوالے کیا جائے۔ تین خاتون ڈاکٹرس بھکتی مہرے، ہیما آہوجہ اور انکیتا کھنڈوال کو قبل ازیں اپنی 26 سالہ جونیر ساتھی پایل تدوی کو ہراساں کرنے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تدوی بی وائی ایل نائر ہاسپٹل میں کام کرتی تھیں جہاں اِس نے مبینہ طور پر گزشتہ ہفتہ ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی تھی۔ تدوی کے ارکان خاندان نے الزام عائد کیاکہ ساتھی سینئر ڈاکٹروں نے اِن کی دختر کے ساتھ زیادتی کی اور ریاگنگ کے ذریعہ اِس پر ذات پات کے رکیک حملے کئے۔ وہ درج فہرست قبائیل سے تعلق رکھتی تھیں۔ ملزمین کو شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائبس انسداد مظالم قانون، انسداد ریاگنگ قانون، آئی ٹی ایکٹ اور سیکشن 306 کے تحت ماخوذ کیا گیا ہے۔تمام ملزمین کو جمعہ تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ موبائیل فون کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔ متوفی کے ساتھ اُن کے واٹس اپ چیاٹس کو حاصل کرنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔ مہاراشٹرا میں تدویل بِھل مسلمس میں ہندو ناموں کا چلن عام بات ہے۔ 26 سالہ ڈاکٹر پایل تدوی بھی بِھل مسلم قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھتی تھی۔ مہاراشٹرا کے کئی علاقوں میں یہ طبقہ مقیم ہے۔ تدوی کمیٹی کو درج فہرست قبائیل میں شمار کیا جاتا ہے۔