تلنگانہ کے چیف مسنٹر کے سی آر پر اقلیتوں کو دھوکہ دینے کا الزام ، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد /23 جون ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے مسلم تحفظات کی مخالفت کرنے والے این ڈی اے صدارتی امیدوار کی تائید کرتے ہوئے مسلمانوں کو دھوکہ دینے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی ار پر الزام عائد کیا ۔ 25 جون کو گاندھی بھون میں 1000 غریب مسلمانوں میں رمصان گفٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے آج گاندھی بھون میں سابق مرکزی وزیر ایس جئے پارل ریڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ پونم پربھاکر ، ملو روی بھی موجود تھے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت میں رنگناتھ مشرا کمیشن نے مسلمانوں اور عیسائی طبقہ کی تعلیمی معاشی سماجی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تعلیم اور ملازمتوں میں مسلمانوں کو 10 فیصد اور عیسائی طبقہ کو 5 فیصد تحفظات دینے کی اپنی رپورٹ میں سفارش کی تھی ۔ جس کی این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ گوویند نے شدت سے مخالفت کرتے ہوئے رنگناتھ مشرا کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کردیا تھا ۔ ریاست میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ایسے صدارتی امیدوار کی تائید کرتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ مسلمانوں کو چیف منسٹر تلنگانہ کے دوہرے رول کا گہرائی سے جائزہ لینا چاہئے ۔ حکومت کی جانب سے دی گئی سرکاری افطار پارٹی میں چیف منسٹر نے 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے وزیر اعظم نے مثبت ردعمل کا اظہار کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ دوسرے دن بی جے پی کے ریاستی قائدین نے اس کی تردید کرتے ہوئے مسلم ووٹ بنک کی خاطر جھوٹ کا سہارا لینے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ہے ۔ اسی افطار پارٹی میں کے سی ار نے مرکز سے 12 فیصد مسلم تحفظات نہ ملنے کی صورت میں جنگ کرنے کا ا علان کیا ہے ۔ جب وزیر اعظم مان گئے ہیں تو جنگ کی ضرورت کیا ہے ایسا لگتا ہے ۔ چیف منسٹر خود دھوکہ میں رہ کر مسلمانوں کو بھی دھوکہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 25 جون کو گاندھی بھون میں 1000 غریب مسلمانوں میں رمضان گفٹ تقسیم کیا جائے گا ۔صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میرا کمار کو سیکولر اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والی قائد قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے میرا کمار کے بجائے رام ناتھ گوویند کی تائید کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا ۔