حیدرآباد۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ کے لیے روزنامہ سیاست کی تحریک پر گاؤں گاؤں جوش و خروش پایا جارہا ہے اور عوام اس سلسلے میں متحرک دکھائی دے رہے ہیں ۔ بی سی کمیشن کے قیام میں حکومت کی ٹال مٹول پالیسی کے سبب مسلمانوں کا ہر طبقہ جلسے و جلوس کا انعقاد اور عہدیداروں و قائدین سے ہر مقام پر نمائندگیاں کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے حکومت پر زور ڈال رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں عادل آباد کے بشمول کئی مقام پر جلسے و ریالیوں کی کامیابی کے بعد کل یعنی 22 نومبر بروز اتوار مسلم میناریٹی کی جانب سے 12 فیصد مسلم تحفظات کے سلسلہ میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں مسلم میناریٹی کی دعوت پر 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک کے روح رواں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست شرکت کریں گے اور خصوصی خطاب کریں گے ۔ واضح رہے کہ یہ جلسہ اتوار کو بعد نماز ظہر مسلم میناریٹی فنکشن ہال کاغذ نگر میں منعقد ہوگا ۔ جس میں حلقہ اسمبلی سرپور ٹاون کے علاوہ اطراف و اکناف کے علماء و دانشور افراد خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں مقامی قائدین پر مشتمل وفد تحصیلدار آفس پہنچ کر تحصیلدار کو یادداشت پیش کریں گے ۔۔