مسلم تحفظات پر ’سیاست‘ کی تحریک کا اثرمجلس کے رکن نے اسمبلی میں مسئلہ اٹھایا

حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) مسلمانوں کیلئے 12فیصد تحفظات کے وعدہ پر عمل آوری سے متعلق ’سیاست‘ کی مہم کا اثر تلنگانہ اسمبلی میں بھی دیکھنے کو ملا۔ مسلم تحفظات کی تحریک کی عوامی مقبولیت اور سیاسی جماعتوں پر مسلمانوں کے بڑھتے دباؤ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے 12فیصد تحفظات پر عمل آوری کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ زرعی مارکٹ کمیٹیوں کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور خواتین کو تحفظات سے متعلق قانون کی منظوری کے موقع پر جعفر حسین معراج نے اس ترمیم کی تائید کرتے ہوئے چیف منسٹر سے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے اداروں میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مارکٹ کمیٹیوں کے علاوہ دیگر اداروں میں بھی 12فیصد تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ اس مسئلہ پر اگرچہ حکومت کی جانب سے کوئی تیقن نہیں دیا گیا تاہم عام مسلمانوں کے مطالبہ کو ایوان میں پیش کردیا گیا۔ واضح رہے کہ مسلم تحفظات کیلئے ’سیاست‘ کی جانب سے شروع کی گئی تحریک کا شہر اور اضلاع میں زبردست اثر دیکھا جارہا ہے اور عام مسلمان اس تحریک سے وابستہ ہورہے ہیں۔ تحریک کے تحت تمام پارٹیوں کے عوامی نمائندوں کو اسمبلی میں 12فیصد مسلم تحفظات کو موضوع بحث بنانے کیلئے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔ ہوسکتا ہے کہ مجلس کے ایک رکن اسمبلی نے عوامی مطالبہ پر ہی مسلم تحفظات کے مسئلہ کو حکومت کے سامنے پیش کیا۔