جناب عامر علی خاں کی مساعی پر شیخ عبد اللہ پٹیل اور دیگر کی مبارکباد
حیدرآباد۔ یکم دسمبر (سیاست نیوز) نومنتخب صدر نشین گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبد اللہ سہیل نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک چلانے پر مبارکباد پیش کی اور مکمل تعاون کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کانگریس قائدین سید نظام الدین، سید خلیل، محمد چاؤش، عرفان، ماجد، مدثر، جتندر، پریم، محمد علی اور دیگر بھی تھے۔ ان قائدین نے جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے تحریک کی کامیابی پر انھیں مبارکباد پیش کی، جب کہ جناب عامر علی خاں نے دوبارہ صدر نشین گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے عہدہ کے حصول پر مسٹر شیخ عبد اللہ سہیل کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قوم و ملت کو تحفظات کے ثمرات سے فائدہ پہنچانے کے لئے انھوں نے مسلم تحفظات تحریک شروع کی ہے، جس کا والہانہ خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اضلاع میں تحریک زور پکڑچکی ہے، مسلمان جماعتی اور مسلکی وابستگی سے بالاتر اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اپنے اتحاد کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اضلاع میں تحریک کی کامیابی سے انھیں حوصلہ ملا ہے۔ اضلاع کے مسلمان تحصیلداروں، کلکٹرس اور منتخب عوامی نمائندوں کو یادداشت پیش کرتے ہوئے حکمرانوں اور ایوانوں تک اپنی آواز پہنچا رہے ہیں۔ اس موقع پر شیخ عبد اللہ سہیل نے کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک چلاکر روزنامہ سیاست کا تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملت کے مفاد کے لئے تحریک کی مکمل تائید کرتی ہے اور بہت جلد وہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مسلم تحفظات تحریک شروع کرکے تحصیلداروں، آر ڈی اوز اور کلکٹرس کو یادداشت پیش کریں گے۔ انھوں نے روزنامہ سیاست کی صحافتی اور فلاحی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔