شب برأت کے موقع پر سٹی کمشنر پولیس و دیگر عہدیداروں کا دورہ مکہ مسجد
حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) شب برأت کے موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا اور پرانے شہر میں سیکورٹی کے انتظامات کا راست طور پر جائزہ لیا۔ کمشنر پولیس صبح صادق تک تاریخی چارمینار کے پاس کیمپ کرتے ہوئے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ موجود تھے۔ شب برأت کے پیش نظر کمشنر پولیس نے ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آر ڈی ایس چوہان، ایڈیشنل کمشنر کرائم شیکھا گوئیل، جوائنٹ کمشنر پولیس اسپیشل برانچ ڈاکٹر ترون جوشی، ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون محمد غوث محی الدین کے ہمراہ تاریخی مکہ مسجد اور پرانے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انجنی کمار نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کیلئے ان کے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ تاریخی مکہ مسجد پہنچے ہیں اور انہوں نے شہر کے تمام مساجد میں عبادت کیلئے آنے والے دو تا ڈھائی لاکھ مصلیوں کو شب برأت کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس رات اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنے کی رات ہے اور انہیں امید ہے کہ مسلم بھائیوں کی عبادتوں کی نتیجہ میں شہر میں امن و امان برقرار رہے گا۔