مسلم اکثریتی پارلیمانی حلقوں میں منتخبہ ارکان کی بے حسی

نئی دہلی ۔ 23 فبرور ی ( سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کثیرمسلم آبادی کے حامل 70 لوک سبھا حلقوں میں 297.97 کروڑ روپئے رکن پارلیمنٹ فنڈ کو استعمال ہی نہیں کیا گیا ۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے ان حلقوں میں 92 کروڑ روپئے کی رقم اور بی جے پی نے 79 کروڑ روپئے کی رقم استعمال نہیں کی ۔ ارکان پارلیمنٹ کے فنڈس کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے معاملے میں نشاکانت دوبے (گوڈا ‘ جھارکھنڈ ) اور شفیق الرحمن برق (سنبھل‘ اترپردیش) سرفہرست رہے ۔ جن ارکان پارلیمنٹ کا فنڈس کے استعمال کے معاملے میں بدترین مظاہرہ رہا ان میں کیرتی آزاد (دربھنگہ‘ بہار) سب سے آگے ہیں جن کے پاس اب بھی 7.43 کروڑ روپئے کی رقم موجود ہے جنہیں استعمال نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے مختص فنڈ میں 40 فیصد سے بھی کم کا استعمال کیا ہے ۔ دیویدھان بسرا (راج محل ‘ جھارکھنڈ) اور بدرالدین اجمل (دھوبری ‘ آسام) کا 50 فیصد سے زائد فنڈ استعمال نہیں کیا گیا ۔ دیویدھان بسرا کے پاس 6.74 کروڑ اور بدرالدین اجمل کے پاس 6.65 کروڑ کی رقم غیراستعمال شدہ موجود ہے ۔ 2 سرکلس ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے ۔ لوک سبھا میں مسلم ارکان پارلیمنٹ نے لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈس کا پوری طرح استعمال نہیں کیا ہے ۔ شفیق الرحمن برق ایک ایسے رکن ہے جنہوں نے 12 کروڑ روپئے کی ساری رقم استعمال کی ۔ جبکہ 16 ایسے مسلم ارکان پارلیمنٹ ہیں جنہوں نے 4 تا 7 کروڑ روپئے کی رقم استعمال ہی نہیں کی ہے ۔
ان 70 لوک سبھا حلقوں میں مسلم آبادی 20 سے لیکر 95 فیصد تک ہے ۔