مسلم ارکان کونسل و اسمبلی کی ’’اللہ ‘‘کے نام پر اردو میں حلف برداری

تلنگانہ ریاست کی پہلی قانون ساز کونسل میں بہترین روایت کا آغاز ، ایکدوسرے کو مبارکباد

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ قانون ساز کونسل میں آج جناب محمود علی ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد ، الحاج محمد سلیم ، جناب محمد علی شبیر ، جناب محمد فاروق حسین نے اللہ کے نام پر اردو زبان میں حلف لیا ۔ ان ارکان قانون ساز کونسل نے تلنگانہ کی پہلی قانون ساز کونسل کی رکنیت کا حلف اپنی مادری زبان میں اللہ کے نام پر لیا اور اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے علاوہ راز داری کا بھی عہد کیا ۔ کانگریس ارکان اسمبلی جناب محمد علی شبیر ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد ، جناب محمد فاروق حسین نے اردو زبان میں حلف لینے کے بعد دیگر ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ اسی طرح تلگو دیشم رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے بھی اللہ کے نام پر حلف اٹھایا اور کونسل کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے نئی کونسل کے قیام پر مبارکباد پیش کی ۔ مجلس کے دو ارکان قانون ساز کونسل جناب سید امین الحسن جعفری اور جناب سید الطاف حیدر رضوی نے بھی اللہ کے نام پر اپنے عہدے کا حلف لیا ۔ دونوں مجلسی ارکان قانون ساز کونسل نے انگریزی زبان میں حلف لیا جب کہ مابقی دیگر ارکان اسمبلی نے خدا کے نام پر تلگو زبان میں حلف لیا ۔ قبل ازیں صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کی حیثیت سے مسٹر این ودیا ساگر راؤ نے اپنے عہدے اور نئی ذمہ داریوں کا حلف لیا ۔۔