مسلمان ملک کا اٹوٹ حصہ ، بی جے پی سیاسی مفاد کیلئے مسلمانوں کو خوفزدہ کررہی ہے

بی جے پی کی دھمکیاں مایوسی کا ثبوت ، وی ہنمنت راؤ کانگریس امیدوار عنبر پیٹ کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے مسلمانوں کو ملک کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے سیاسی فائدے کے لیے بی جے پی مسلمانوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی زہر پھیلا رہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ کے کانگریسی امیدوار مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ دیگر ابنائے وطن کے ساتھ مسلمانوں نے نہ صرف جدوجہد آزادی میں حصہ لیا بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا تعاون پیش کیا ۔ فرقہ پرست بی جے پی کو اندازہ ہوگیا کہ وہ اقتدار میں آنے والی نہیں ہے اس لیے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے نریندر مودی کی مخالفت کرنے والے مسلمانوں کو پاکستان بھیج دینے کا انتباہ دیا جارہا ہے ۔ بی جے پی کی یہ دھمکیاں اس کی مایوسی کا ثبوت ہے ۔ اور مسلمانوں کو ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ کانگریس پارٹی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ہے ۔ سماجی انصاف ہی کانگریس کا نصب العین ہے ۔ کانگریس پارٹی ملک کی ترقی میں سماج کے تمام طقبات کو حصہ دار بنانا چاہتی ہے جب کہ بی جے پی اقتدار کی لالچ مسلمانوں کو سماجی دھارے سے الگ تھلگ رکھتے ہوئے ملک کو ترقی دینے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ وہ پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری گری راج سنگھ کو گرفتار کرے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا ان کے خلاف کارروائی کرے ۔ بی جے پی کے پاس عوام کے درمیان پہونچنے کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ اکثریتی طبقہ کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ان کا اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ میں بی جے پی کے ریاستی صدر مسٹر جی کشن ریڈی سے مقابلہ ہے اور حلقہ کے عوام ان کا بھر پور تعاون کررہے ہیں ۔ بالخصوص مسلمان اس حلقہ سے بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے سیکولر جماعت کانگریس کو کامیاب بنانے کیلئے ہر طرح سے ان کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بحیثیت رکن راجیہ سبھا اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے کئی ترقیاتی اقدامات کئے ہیں ۔ جس سے مقامی عوام بخوبی واقف ہیں ۔۔