مسلمان فوجیوں نے بھی امریکہ کیلئے قربانیاں دیں : پال ریان

واشنگٹن ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے ایک پاکستانی نژاد امریکی شہید فوجی کے والد کے خلاف کئے گئے تبصروں نے امریکہ میں جاری صدارتی انتخاب کی دوڑ کو ایک نیا رخ دیا ہے کیونکہ جو اناپ شناپ بیان ٹرمپ نے دیا تھا اس سے خود ان کی ہی پارٹی کے قائدین ناراض معلوم ہورہے ہیں۔ اسی دوران ہاؤس اسپیکر پال ریان نے کہا کہ امریکہ میں داخلہ کیلئے ’’مذہبی ٹسٹ‘‘ امریکہ کے بنیادی اقدار کی عکاسی نہیں کرتا جبکہ فلوریڈا سابق گورنر جیب بش نے کہا کہ ریالٹی ٹی وی اسٹار کے ریمارکس توہین آمیز ہیں کیونکہ انہوں نے ایک ایسے خاندان کو نشانہ بنایا جس نے ملک کیلئے قربانیاں دیں۔ ریان نے آرمی کیپٹن مرحوم ہمایوں خان کی زبردست ستائش کی جو عراق میں 2004ء میں کئے گئے ایک خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی آزادی اور عظمت کا تحفظ وہ مرد و خواتین کرتے ہیں جو یونیفارم (فوجی لباس) زیب تن کرتے ہیں اور اپنے ملک کے مفاد کو اپنے شخصی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ امریکہ میں داخلہ کیلئے مذہبی ٹسٹ کے نظریئے کو وہ پوری طرح مسترد کرتے ہیں۔ ایسے متعدد مسلمان فوجی ہیں جنہوں نے امریکہ کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں اور کیپٹن ہمایوں خان بھی ان میں سے ایک ہیں جنہوں نے ملک کیلئے اپنی جان نچھاور کی لہٰذا نہ صرف ہمایوں خان بلکہ ان کے والد خضر خان اور والدہ غزالہ خان بھی قابل احترام ہیں جنہوں نے ایسے بہادر بیٹے کو جنم دیا۔