جامعہ نظامیہ اور سیاست کے زیر اہتمام دینی گرمائی کورس کے جلسہ تقسیم اسناد سے مولانا محمد سیف اللہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست اور علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 40؍ روزہ دینی تعلیمی گرمائی کورس کا 26؍اپریل تا 3؍جون2015 ء انتظام رہا ‘4؍جون 2015 کو حیدرآباد وسکندرآباد ‘اضلاع وبیرون ریاست کے جملہ 199مراکز پر دینی گرمائی کورس کا امتحان منعقد ہوا ‘ اس دینی گرمائی کورس میں کامیاب طلبہ کا جلسہ تقسیم اسناد 6؍جون 10؍ بجے دن جامعہ نظامیہ میں منعقد ہوا۔ حضرت مولانا محمد سیف اللہ شیخ الادب ‘جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں قوم مسلم ہی وہ قوم ہے جس کا ہر فرد علم حیات اور علم نجات دونوں کا جامع ہوتا ہے ‘ علم نجات سے مراد دینی اسلامی علم ہے جو ہر مسلمان کے لئے لازمی حیثیت رکھتا ہے مسلم نونہالوں کی تربیت اگر اسلامی خطوط پر کی جائے اور پچپن ہی سے ان کے ذہن وفکر میں دین کی بنیادی باتیں بٹھائی جائیں تو وہ ایک اچھے مسلمان اور پر امن شہری بن سکتے ہیں۔ جامعہ نظامیہ کی فکر علم کا فروغ ہے‘ اس لئے 14 سال سے جامعہ نظامیہ اور روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام گرمائی تعطیلات کے موقع پر نونہالان امت اور دختران ملت کے لئے بنیادی دینی تعلیم وتربیت کے مراکز قائم کئے جاتے ہیں ‘ مولانا نے کہا کہ نونہا لان ملت کو علم دین کی بنیادی تعلیم کی سخت ترین ضرورت ہے کیونکہ علم دین کے حصول سے ہی ہر شعبہ حیات میں کامیابی ملتی ہے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ علم دین کی طلب نہایت ضروری ہے ۔ سال حال دینی گرمائی کورس میں 16؍ ہزار طلبہ شریک ہوئے لیکن کورس کے اختتام تک13؍ ہزار طلبہ ہی شریک امتحان ہوئے اس سلسلہ میں والدین سے خواہش ہے کہ وہ توجہہ فرمائیں ۔ مولانا نے کہا کہ دینی گرمائی کورس سے طلبہ کو فائدہ ہورہا ہے ۔ مولانا محمد سیف اللہ نے اپنے خطاب میں ذمہ داران مراکز اور اساتذہ کرام سے کہا کہ آج انٹرنیٹ کا دور ہے طرح طرح کے فتنہ اور اخلاق سوز مناظر اور پروگرام دیکھے جاتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ صحبت اچھی ہو اور طلبہ کو دینی بنیادی تعلیم سے آراستہ کیا جائے ۔ مولانا نے کہا کہ جامعہ نظامیہ اور سیاست مشترکہ دینی تعلیمی کورس میں ذمہ داران مراکز اور اساتذہ کرام نے دلچسپی سے کام کیا اللہ تعالی انھیں جزائے خیر دے اور کہا کہ ان حضرات کے تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اس طرح قوم وملت ایک سنگ میل کو طے کریگی ۔جلسہ کی کارروائی کا آغاز حافظ سید اظہر معین الدین کی قراء ت قرآن مجید اور محمد محفوظ علی خاں کی نعت شریف سے ہوا ‘ مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری الملتانی منتظم جامعہ نظامیہ نے کارروائی چلائی ۔ شہ نشین پر مولانا محمد سیف اللہ ‘ مولانا سید احمد علی قادری معتمد جامعہ نظامیہ موجود تھے ۔جلسہ میں مولاناشیخ محبوب ‘ مولانا محمد عبدالرزاق مودب جامعہ ‘ مولانا محمد عابد حسین نظامی ناظر دینی گرمائی کورس ‘ اساتذہ کرام جامعہ نظامیہ ‘ذمہ داران مرکز دینی تعلیم حیدرآبادوسکندرآباد اضلاع‘ اساتذہ کرام مراکز اور اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔