مسلمان علم حیات اور علم نجات دونوں کا جامع ہوتا ہے

جامعہ نظامیہ اور سیاست دینی گرمائی کورس کا جلسہ تقسیم اسناد ، مفتی خلیل احمد ‘ شیخ الجامعہ ‘ جامعہ نظامیہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 5 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست اور علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 40 روزہ دینی تعلیمی گرمائی کورس کا 22 اپریل تا 3 جون2014 انتظام رہا ‘3 جون کو حید رآباد وسکندرآباد ‘اضلاع وبیرون ریاست کے جملہ 187مراکز پر دینی گرمائی کورس کا امتحان منعقد ہوا ‘ اس دینی گرمائی میں کامیاب طلبہ کا جلسہ تقسیم اسناد 5 جون 10 بجے دن جامعہ نظامیہ میں منعقد ہوا۔ حضرت مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ‘جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں قوم مسلم ہی وہ قوم ہے جس کا ہر فرد علم حیات اور علم نجات دونوں کا جامع ہوتا ہے ‘ علم نجات سے مراد دینی اسلامی علم ہے جو ہر مسلمان کے لئے لازمی حیثیت رکھتا ہے مسلم نونہالوں کی تربیت اگر اسلامی خطوط پر کی جائے اور پچپن ہی سے ان کے ذہن وفکر میں دین کی بنیادبتاتیں بٹھائی جائیں تو وہ ایک اچھے مسلمان اور پر امن شہری بن سکتے ہیں۔ جامعہ نظامیہ کی فکر علم کا فروغ ہے‘ اس لئے تیرہ سال سے جامعہ نظامیہ اور سیاست کے زیر اہتمام گرمائی تعطیلات کے موقع پرنونہالان امت اور دختران ملی کے لئے بنیادی دینی تعلیم کے تعلیم وتربیت کے مراکز قائم کئے جاتے ہیں ‘ مولانا نے کہا کہ نونہا لان ملت کو علم دین کی بنیادی تعلیم کی سخت ترین ضرورت ہے کیونکہ علم دین کے حصول سے ہی ہر شعبہ حیات میں کامیابی ملتی ہے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ علم دین کی طلب نہایت ضروری ہے مولانا نے کہا جامعہ نظامیہ اور سیاست کی یہی کوشش ہے کہ نونہالان امت کو دینی تعلیم سے داقف کروایا جائے ۔

سال حال دینی گرمائی کورس میں 15 ہزار طلبہ شریک ہوئے لیکن کورس کے اختتام تک13 ہزار طلبہ ہی شریک امتحان ہوئے اس سلسلہ میںوالدین سے خواہش ہے کہ وہ توجہہ فرمائیں مولانا نے کہا کہ دینی گرمائی کورس سے طلبہ کو فائدہ ہورہا ہے ، جامعہ نظامیہ اور سیاست مشترکہ دینی تعلیمی کورس میں ذمہ داران مراکز اور اساتذہ کرام نے دلچسپی سے کام کیا اللہ تعالی انھیں جزائے خیر دے اور کیا کہ ان حضرات کے تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اس طرح قوم وملت ایک سنگ میل کو طے کریگی ۔جلسہ کی کاروائی کا آغاز محمدعبد القدیر کی قرات قرآن مجید اورمحمد منور حسین کی نعت شریف سے ہوا ‘ مولانا محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ نے کاروائی چلائی مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری الملتانی منتظم جامعہ نظامیہ نے انتظامات کی نگرانی کی شہ نشین پر مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ‘ مولانا سید عزیز اللہ قادری شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ‘ مولانا سید احمد علی قادری معتمد جامعہ نظامیہ ‘ مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری الملتانی منتظم جامعہ نظامیہ موجود تھے ۔جلسہ میں مولانامحمد امتیاز احمد داروغہ جامعہ ‘ مولاناشیخ محبوب مودب جامعہ‘ اساتذہ کرام جامعہ نظامیہ ‘ذمہ داران مرکز دینی تعلیم حیدرآباد و سکندرآباد اضلاع‘ اساتذہ کرام مراکز اور اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔