مسلمان خوفزدہ نہ ہوں تلگودیشم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دے گی : چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد ۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی سے تلگودیشم کے انتخابی اتحاد سے خوفزدہ نہ ہوں۔ مچھلی پٹنم میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم برسراقتدار آنے پر مسلمانوں کے لئے تحفظات اور فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کرے گی۔ تلگودیشم دورحکومت میں مسلمانوں کیلئے کی گئی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم حکومت نے ریاست میں کئی مساجد تعمیرکیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہد کیا کہ وہ سماج کے تمام طبقات خاص کر غریبوں اور پچھڑے ہوئے افراد کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ذمہ داری نبھائے گی۔ انہوں نے عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بتائیں موجودہ حکومت میں کسے مناسب نوکری یا روزگار ملے ہیں جبکہ تلگودیشم کی حکومت کے دور میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے تھے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ برسراقتدار آنے پر سیما آندھرا علاقہ کو سنگاپور یا ملائیشیاء کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔