مسلمان حضورؐ کے امتی ہونے کا مظاہرہ کریں

عید میلاد کے موقع پر ضرورت مندوں کی مدد کا تیقن : محمد محمود علی
حیدرآباد۔30ڈسمبر(سیاست نیوز) عید میلاد النبی کے مبارک ومسعود موقع پر ایک حقیقی امتی ہونے کا نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی۔ آج یہاں کاپرامیںمسجد نور الہیٰ کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عید میلاد النبی کے موقع پر ڈی جے کے ذریعہ شور مچاتے ہوئے دیگر ابنائے وطن کی پریشانیوں میںاضافہ کرنے کے بجائے مریضوں کی عیادت ان میںمیووں کی تقسیم‘غریبوں اور مساکین کی امداد‘ بے سہارا افراد بالخصوص کڑاکے کی سردی میں بے سروسامانی کے عالم میں فٹ پاتھ پر شب بسری کرنے والوں میں بلانکٹس‘ گرم ملبوسات کی تقسیم عمل میںلائی جائے تاکہ اللہ کے محبو ب نبیؐ کے امتی ہونے کا حق ادا ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ میلا د النبی پر سجاوٹ کے نام پر خرچ ہونے والی رقم بھی غریبوں کی امداد میں خرچ کی جانی چاہئے ۔ جناب محمد محمودعلی نے اسلام کو امن وسلامتی کا پیغام دینے والا مذہب قراردیا جس کابنیادی مقصد انسانیت کی خدمت‘ سماجی مساوات کا خاتمہ ‘ چھوٹے پر بڑی کی فوقیت کا خاتمہ ہے مگر طبقہ واری اساس پر تقسیم ہوکر ملت اسلامیہ آج پریشان حال زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیر ت النبیؐ کے متعلق سمینار‘ کانفرنس اور جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے اسلام کے حقیقی پیغام کو دیگر ابنائے وطن تک پہنچانے کی آج ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو بھی عوام تک پہنچانے میں بالخصوص غریب مسلم اقلیتی طبقات کو حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سے مستفید کرنے کے لئے بھی عوام میںشعور بیداری کی ضرورت ہے۔جناب بدرالدین کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔