’’مسلمان ، سیاسی طور پر بیدار ہوجائیں ، ملک میں سنہرا دور آجائیگا‘‘

اخلاق کے پیکر بنیں ، دِلوں کو جیت جائیں گے ، ورنگل میں مسلم انٹلیکچول فورم کے اجلاس سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
l مسلمانوں کو 12% تحفظات ، بجٹ میں 5,000 کروڑ روپئے
مختص کرنے اور وقف اراضی پر انڈسٹری قائم کرنے حکومت کو تجویز

ورنگل۔ 30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ووٹر میں سیاسی شعور بیدار کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ الیکشن میں مسلمانان ہند سیاسی بیداری کا ثبوت دینے پر ملک و ملت کا سنہری دور کا دور دورہ ہوگا۔ مسلمان تعلیم، صحت، انڈسٹری کے شعبہ جات میں آگے آرہے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے۔ ان حقائق کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے ڈاکٹر انیس صدیقی موظف پرنسپل کی قیام گاہ میں ’’مسلم انٹلیکچول فورم‘‘ نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مسلمانان ہند سے اپیل کی کہ بی جے پی کے بہترین متبادل کا انتخاب کریں۔ آج مسلمان زکوۃ کو اجتماعی طور پر استعمال کریں تو اس کے ثمرآور نتائج حاصل ہوں گے۔ مسلمانوں میں آج اخلاق کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان ہند اخلاق کے پیکر بنیں جس سے ہم دوسروں کے دلوں کو جیت سکتے ہیں۔ ملت فنڈ سے کئی لوگوں کی امداد کی گئی۔ 12% مسلم تحفظات، بجٹ میں 5,000 کروڑ روپئے مختص، بڑی وقف اراضی پر چھوٹی انڈسٹری کے قیام کی حکومت تلنگانہ کو تجویز پیش کی ہے۔ اس موجودہ حالات میں مسلم انٹلیکچول فورم ورنگل کی جانب سے ’’موجودہ حالات میں مسلمانوں کی سیاسی حکمت عملی‘‘ کے اجلاس کی صدارت ڈاکٹر انیس صدیقی نے کی۔ اس موقع پر محمد شرف الدین محمودی، پروفیسر احمد حسین، جناب محمد اسمٰعیل ذبیح جرنلسٹ، محمد غوث، منور، محمد اسعد خاں جرنلسٹ، جناب ایم اے کلیم، جناب محمد سراج الدین، محمد معشوق، جناب حنان، جناب محمد یوسف خاں، ڈاکٹر رضا ملک پروفیسر کاکتیہ میڈیکل کالج، محمد ابراہیم، سی ایم طاہر، ایم اے نعیم سیکریٹری الفیضان سوسائٹی نے مشترکہ خطاب میں کہا کہ مسلمانان ہند اپنے ووٹ کا موجودہ حالات میں صحیح استعمال کریں اور جمہوریت کو مستحکم کریں۔ اظہار تشکر جناب محمد کلیم صاحب نے کیا۔