مسلمانوں کے بارے میں ریمارکس کی سخت مذمت

سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کا الزام ، وزیر قانون کی مدافعت
نئی دہلی ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مسلمانوں کے بارے میں مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد کے ریمارک پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی لیکن وہ اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ کانگریس ، بایاں بازو اور دیگر جماعتوں نے کہا کہ دستور میں تمام ہندوستانیوں کو چند بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے ۔ ان میں مسلمان بھی شامل ہیں اور یہ وزیر کی کوئی بھیک نہیں ۔ کانگریس لیڈر ایم ویرپا موئیلی نے روی شنکر پرساد پر سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ پرساد نے کل کہا تھا کہ مسلمانوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا لیکن ان کی حکومت نے انہیں عزت دی ۔ ہم نے اپنے بل بوتے پر 13 چیف منسٹرس کو یقینی بنایا ۔ آج ہم ملک پر حکمرانی کررہے ہیں ۔ کیا کسی انڈسٹری یا شعبہ میں کام کررہے کسی مسلمان کو ہم نے نشانہ بنایا ؟ کیا ہم نے انہیں معزول کیا ؟ ہم نے مسلم ووٹ حاصل نہیں کئے اور یہ بات واضح طور پر وہ کہنا چاہتے ہیں اس کے باوجود ہم مسلمانوں کو خاطر خواہ عزت دے رہے ہیں یا نہیں ۔ انہوں نے آج بھی اپنے ریمارکس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ہمہ جہتی سماج پر یقین رکھتی ہے اور ہندوستان ثقافتی اقدار کا احترام کرتی ہے ۔۔