وفاداری پر کسی کو سوال کرنے کا حق نہیں: وائس چانسلر علیگڑھ یونیورسٹی
علیگڑھ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ ملک سے وفاداری کے معاملے میں ہندوستانی مسلمان دوسروں سے کم نہیں اور کسی کو بھی اس بارے میں سوال کرنے کا حق نہیں پہنچتا۔ انہوں نے کل ایک اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ملک سے ہماری وفاداری کے بارے میں سوال کرے اور یہ کہے کہ مسلمانوں کو ملک چھوڑ دینا چاہئے۔ ضمیرالدین شاہ کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا جب فلمی شخصیتوں جیسے عامر خاں، شاہ رُخ خان اور اے آر رحمن نے ملک میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلم بھی ملک سے وفاداری کے معاملے میں دوسروں سے کم نہیں اور ملک کے اُمور میں ان کا بھی وہی رول ہے، جتنا دیگر طبقات کا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم فرقہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک کا تحفظ کریں اور انہیں سکیورٹی فورسیس بالخصوص فوج میں شامل ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی مسلمانوںکی ذمہ داری ہے کہ وہ ہندوستان کو درپیش تمام چیلنجس سے نمٹنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں اور ان کے خیال میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں کے لئے کرارا جواب ہوگا۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کو بھی عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک مرتبہ مسلم نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا تو پھر عصری ہندوستانی سماج میں تیز رفتار ترقی سے انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہوگا۔