مسلمانوں کیخلاف گھٹیا بیان بازی بند کرائیں

وزیراعظم مودی سے شیعہ تنظیم کی اپیل، حکومت کو تائید کا تیقن
بنگلورو ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیعہ برادری کی ایک تنظیم نے آج کہا کہ وہ ملک میں آئی ایس آئی ایس سرگرمیوں کو کچلنے میں مدد کیلئے حکومت کی بھرپور تائید وحمایت کرنے تیار ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ بی جے پی ایم پیز اور قائدین کو مسلمانوں کے خلاف بیان بازی سے باز رکھیں۔ صدر انجمن اسلامیہ سید ضامن رضا نے یہاں نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ’’ہم مرکزی حکومت کے ساتھ ہیں۔ ہم ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے سدباب کیلئے تائید کریں اور ممکنہ طور پر اطلاعات فراہم کریں گے۔ تاہم اس کے ساتھ ہی ہم چاہیں گے کہ وزیراعظم اپنے ایم پیز اور پارٹی قائدین کو قابو میں رکھیں کہ وہ مسلمانوں کے خلاف گھٹیا بیانات دے رہے ہیں‘‘۔ سید رضا نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس (دولت اسلامیہ) کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کی حرکتیں خبیث اور اسلام کے مقررہ حدود سے متجاوز ہیں۔ وہ شہیدانِ کربلا کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور جذباتی تقریر سے ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کے سدباب کیلئے کئے جارہے تمام اچھے کام غارت ہوسکتے ہیں۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور بعض گوشے ہیں جو درحقیقت دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔