مسلمانوں کیخلاف مقدمات 6 ماہ میں برخاست

نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انسداد رشوت ستانی کے اپنے نعرے کیساتھ عام آدمی پارٹی نے آج جاری کردہ اپنے منشور میں موثر جن لوک پال بل لانے کا وعدہ کیا ہے۔ پارٹی نے مسلمانوں کیخلاف عائد تمام مقدمات کو 6 ماہ کے اندر برخاست کردینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ بے قصور مسلم نوجوانو ں کو گرفتار کرنے والے پولیس ملازم اگر خاطی پائے جائیں تو انہیں سزا دی جائے گی۔ملک کے نوجوانوں کو 21 سال کی عمر میں لیڈر بنانے کا بھی وعدہ کیا ہے یعنی انتخابی اصلاحات لاتے ہوئے انتخابی مقابلہ کرنے کیلئے مقررہ حد عمر 25 سال سے گھٹاکر 21 سال کردینے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ ہر ایک کیساتھ انصاف کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ لوک سبھا انتخابات میں اپنا قدم رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے عدالتوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی تجویز رکھی ہے تاکہ عدالتی نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ نومبر 2012ء میں قائم کردہ عام آدمی پارٹی 543 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ تقریباً 430 حلقوں سے مقابلہ کررہی ہے۔ 26 صفحات کے منشور کو آج پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے جاری کیا۔ اس منشور میں معیشت، خارجہ پالیسی، داخلی سلامتی، انتخابی اصلاحات، دفاع اور جموں و کشمیر جیسے اہم مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔