مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے لیے اسٹڈی پینل کی تشکیل کا فیصلہ منصفانہ خواجہ معین الدین صدر ایم پی جے کا بیان

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : جناب خواجہ معین الدین صدر ایم پی جے تلنگانہ نے اپنے صحافتی بیان میں وزیر اعلی تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے مسلمانوں کی سماجی و معاشی بدحالی کا جائزہ لینے کے لیے اسٹڈی پیانل کی تشکیل کو جرات مندانہ اور منصفانہ فیصلہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کو یقینی بنانے کی طرف یہ ایک مثبت قدم ہے جس کا وعدہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی تحریک کے دوران ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں کیا تھا اور کے سی آر نے تحریک تلنگانہ کے دوران بے شمار جلسوں میں اس بات کا بار بار وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کرناٹک اور ٹاملناڈو کی طرز پر نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی سماجی ، تعلیمی اور معاشی بدحالی اور بیروزگاری کو دور کرنے کی سمت پہلا قدم ہے جس کی مسلمانوں کی طرف سے ستائش کی جاتی ہے ۔ اس ضمن میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اسٹڈی پینل پڑوسی ریاستوں کے رہنمایانہ اصولوں پر مشتمل اپنی سفارشات جلد سے جلد حکومت کو پیش کرے گا تاکہ مسلمانوں کی ترقی اور بہبود کا احاطہ کرنے والے مختلف منصوبہ جات تشکیل پاسکیں اور ان پر عمل آوری سے حاصل ہونے والے ثمرات سے مسلمان اقلیت بھی مستفید ہو ۔ ان کی معاشی ، سماجی بدحالی اور تعلیمی پستی کا خاتمہ ہو ۔ اس عمل سے تلنگانہ ملک میں اقلیت دوست ریاست کی حیثیت سے ابھرے گا ۔۔