نماز عیدالاضحی کے بعدشعور بیداری پر مبنی پمفلٹس کی تقسیم کا فیصلہ، اضلاع و شہروں میں یادداشتوں کی پیشکشی کا سلسلہ جاری
حیدرآباد۔/23ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 12فیصد مسلم تحفظات کیلئے جاری روز نامہ ’سیاست‘ کی تحریک میں مزید شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راجستھان میں گجر طبقہ کو 5فیصد تحفظات کے حکومت راجستھان کے اعلان کے بعد آج سیاست میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ سرپرست اعلیٰ12فیصد مسلم تحفظات تحریک جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر’ سیاست‘ کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تحریک کے ذمہ دار موجود تھے۔ 12فیصد مسلم تحفظات تحریک کے روح رواں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو ایڈیٹر سیاست نے ہدایت دی کہ وہ تحریک میں شدت پیدا کرتے ہوئے اضلاع میں اپنے دوروں کو اہمیت دیں۔ انہوں نے عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے بعد تحفظات کیلئے پوسٹ کارڈ مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ عیدالاضحی کی نماز کے بعد سیاست کی جانب سے ہینڈ پمفلٹ کے ساتھ نمائندگی کیلئے ضروری متن کو بھی جاری کیا جارہا ہے۔ عید کی نماز کے موقع پر شہر و اضلاع کی عید گاہوں اور بڑے اجتماعات والی مساجد میں نماز کے بعد پمفلٹ اور متن کی پرچیاں تقسیم کئے جائیں گے اور اس کے لئے تمام تر تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ سیاست نے بتایا کہ تحفظات کے فوائد اور تحفظات کی اہمیت پر مبنی پمفلٹ اور اس کے ساتھ متن بھی جاری کیا جارہا ہے تاکہ مسلمانوں میں شعور بیداری کے علاوہ انہیں تحریک سے جوڑا جاسکے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ یہ تحریک مسلمانوں کی تحریک ہے جو مسلمانوں کے حق میں چلائی جارہی ہے۔ لہذا تمام مسلمانوں کو تحریک سے جڑ جانا چاہیئے۔ آج سیاست میں منعقدہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں راجستھان حکومت کے فیصلہ پر غور کیا گیا جہاں حکومت نے گجر طبقہ کیلئے اسپیشل بیک ورڈ کلاس کے تحت 5فیصد تحفظات کو جاری کیا اور اسمبلی میں بلز بھی منظورکروالیا جائے گا۔ راجستھان میں50فیصد تحفظات کا نشانہ اس فیصلہ سے عبور کرگیا ہے تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ دستور میں موجود گنجائش اور شیڈول 9 کے تحت ان تحفظات کو مرکز سے بھی منظور کروالیا گیا چونکہ مرکز اور ریاست دونوں ہی جگہ بی جے پی کی حکومت ہے لہذا یہ اقدام ممکن ہوسکتا ہے تاہم ریاست تلنگانہ میں جیسا کہ راج شیکھر ریڈی حکومت نے 5فیصد تحفظات کو جاری کیا تھا اس طریقہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے روک دیا گیا تھا۔ سابق تجربات اور موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانوں کو تحفظات یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ و سرگرم سیاست کے ذمہ داروں نے بی سی کمیشن کے قیام اور اس کی سفارش پر تحفظات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سرپرست اعلیٰ جناب زاہد علی خاں نے 12فیصد مسلم تحفظات تحریک میں شدت پیدا کرنے کیلئے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ کے ہر اضلاع و منڈل سطح پر اپنے دوروں کا آغاز کردیں اور طوفانی دوروں کو اہمیت دیتے ہوئے تحریک میں شدت پیدا کردیں۔
روزنامہ سیاست کی جانب سے جاری 12فیصد مسلم تحفظات تحریک کے تحت شمس آباد صدر منڈل پریشد چکلا ایلیا سے ملاقات کرتے ہوئے ڈپٹی سرپنچ محمد شمس الدین کی قیادت میں ایک یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر محمد ذاکر، محمد لائق علی و دیگر موجود تھے۔ ضلع نظام آباد میں مجلس بچاؤ تحریک کے ایک وفد نے ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر نظام آباد کو ایک یادداشت پیش کی۔ صدر تحریک نظام آبادعبدالقدیر ساجد کی قیادت میں وفد نے نمائندگی کرتے ہوئے سیاست کی اس تحریک کو مزید مضبوط کرنے اور تحریک کو ضلع بھر میں شدت پیدا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس موقع پر مقامی صدر میر بشارت علی کے علاوہ جنرل سکریٹری عبدالباسط ، محمد نصیب خاں ، زین العابدین، شریف خاں و دیگر موجود تھے۔ بودھن میں تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم کے ایک وفد نے ڈپٹی فلور لیڈر تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر کو ایک یادداشت پیش کی۔ شبیر علی سے ملاقات کرنے والوں میں خورشید اختر، ڈاکٹر لطیف قریشی، عبداللہ قریشی ، عبدالقدوس ، رضوان شاہد حسین ، جمیل احمد و دیگر موجود تھے۔ کریم نگر میں سینئر صحافی سید محی الدین نمائندہ سیاست کی قیادت میں مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ جگتیال کے ایک وفد نے کلکٹر کریم نگر نیتو کماری پرساد کو ایک یادداشت پیش کی۔ وفد میں مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ صدر محمود علی، میر کاظم علی، صلاح الدین منا، محمد خلیل الدین، وثیق الرحمن، محمد جاوید، عادل صدر مولانا ابوالکلام ازاد یوتھ سوسائٹی و دیگر موجود تھے۔ ایڑ پلی جو حلقہ اسمبلی بودھن کا کثیر مسلم آبادی والا منڈل ہے اس علاقہ کے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے آج صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد ایڑ پلی جناب محمد جمال الدین کی قیادت میں تحصیل آفس پہنچ کر تحصیلدار جناب عبدالغفار میاں کو ایک یادداشت پیش کی۔ اس وفد میں جناب عبدالوہاب باری ، فرید بیگ، شیخ مبین، عبدالخالد حسین، محمد رحیم، اسمعیل و دیگر موجود تھے۔ ایچوڑہ میں مسلمانوں کے ایک وفد نے ایچوڑہ تحصیلدار دفتر پہنچ کر12فیصد مسلم تحفظات کے لئے بی سی کمیشن کا قیام اور تحفظات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر عبدالقدیر، شیخ عمران، شیخ احمد، شیخ اسلم، شیخ محبوب و دیگر موجود تھے۔ ظہیرآباد میں مسلمانوں کے ایک وفد نے آر ڈی او میدک سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں صدر الدین غوری کوآرڈینیٹر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ محمد رفیع ، محمد قاسم مدری، محمد قادر، محمد وسیم مدری، محمد الیاس، محمد اعظم، شجاعت علی، سراج الدین و دیگر موجود تھے۔ کوبیر میں 12فیصد مسلم تحفظات کیلئے کوبیر ایم پی ڈی او کو ایک یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر سیکولر عوامی منتخبہ نمائندے شریمتی شوبھا رانی، بشیر الدین ، ایم پی ٹی سی مجو خاں کے علاوہ نمائندہ سیاست کوبیر محمد امین پٹیل اور دیگر موجود تھے۔