لندن ۔ 28 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، فارن آفس کی سینئر وزیر بیرونس سعیدہ وارثی اور شیڈو و چانسلر صادق خان ایم پی نے برطانوی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کیمرون اور بیرونس وارثی نے اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جو مسلمانوں کی توجہ ان غریبوں کی طرف متوجہ کرتا ہے جنھیں بہت کم مواقع حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ملک بھر کی مساجد، کمیونٹی سینٹرز، پارکوں اور حتیٰ کہ خیموں میں بھی افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا گیا۔ انہو ں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اس سال بھی لیڈز سے لوٹن، ورکنگ سے مانچسٹر تک اور دوسرے شہروں میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ جن میں دوسرے مذاہب کے لوگ بھی شریک ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ایونٹس سے مختلف فرقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔ صادق خان ایم پی نے کہا کے رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے ایک خصوصی وقت ہوتا ہے۔ اس میں وہ خیرات دیتے ہیں اور عبادات میں مشغول ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں رواداری اور درگزر کا درس دیتا ہے۔