مسلمانوں کو وعدہ کے مطابق 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ

اقلیتی بہبود کیلئے 400 کروڑ روپئے جاری کیا جائے، حافظ پیر شبیر احمد کا کونسل میں بیان
حیدرآباد /27 مارچ (سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل و صدر ریاستی جمعیۃ العلماء حافظ پیر شبیر احمد نے سپریم کورٹ میں 4 فیصد مسلم تحفظات کے دفاع کے علاوہ وعدہ کے مطابق مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج کونسل میں تصرف بل کے مباحثہ میں اپنی میعاد کی آخری تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے سال 2014-15ء کے لئے 1030 کروڑ کا اقلیتی بجٹ منظور کیا تھا، مگر صرف 40 فیصدبجٹ خرچ کیا گیا اور اب سال 2015-16ء کے لئے 1105 کروڑ روپئے کا اقلیتی بجٹ منظور کیا گیا ہے، لہذا ہر تین ماہ میں 400 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے اقلیتوں کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ قومیائے ہوئے بینکوں سے بے روزگار اقلیتی نوجوانوں کو قرض کا حصول مشکل ہے، لہذا حکومت اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ راست قرضہ جات فراہم کرے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں سٹ ون کے سنٹرس قائم کئے جائیں، عثمان ساگر اور حمایت ساگر کو سیاحتی مرکز کے طورپر ترقی دی جائے، کسی بھی مذہب و طبقہ کے افراد جو ضمانت کی رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں انھیں حکومت جیلوں سے رہا کرے، جن بے قصور افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے یا انھیں رہا کردیا جائے، حکومت کو چاہئے کہ حمال طبقہ کو وظائف اسکیم کے ذریعہ فائدہ پہنچائے اور اقلیتی بجٹ کو مکمل استعمال کرے۔