ہندوستان میں اقلیتیں دیگر ممالک سے زیادہ محفوظ : مختار عباس نقوی
نئی دہلی ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرمختار عباس نقوی نے آج کہا کہ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے کیونکہ انہوں نے پہلے ہی اس قوم سے وابستگی کا عہد کرلیا ہے اور یہ بھی عہد کرلیا ہیکہ وہ کسی بھی ریاڈیکل تنظیموں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ قومی کمیشن برائے اقلیتوں کی جانب سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کیلئے خاص کر اقلیتوں کیلئے ہندوستان کا ماحول اور فضاء موافق ہے۔ ہندوستان میں رہنے والی تمام اقلیتیں محفوظ ہیں۔ دیگر مختلف ممالک میں رہنے والی اقلیتوں سے زیادہ ہندوستان کی اقلیتیں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ مختارعباس نقوی نے کہا کہ ہماری ڈھائی سالہ حکمرانی کے دوران ہم نے مسلمانوں کے اندر مساوات کے شعور کو اجاگر کیا ہے۔ وزیراقلیتی امور نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب اقلیتیں خود کو دیگر ابنائے وطن کے ساتھ یکساں میسج نہیں کرتے اور انہیں مختلف حکومتوں کے دور میں ووٹ بینک کی سیاست کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ لہٰذا حکومت نے مسلمانوں کو بااختیار بنانے کیلئے 96 پروگریسیو پنچایتوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم اقلیتوں کو بہرحال بااختیار بنائیں گے۔